ٹی آر ایس ارکان اسمبلی خریدی معاملہ سے بی جے پی کا کوئی تعلق نہیں: ترون چگ

   


ارکان اسمبلی پر کے سی آر کی گرفت کمزور، مندر میں حلف لینے ٹی آر ایس کو چیلنج
حیدرآباد ۔4 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس ارکان اسمبلی خریدی معاملہ میں چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے سازش سے متعلق ویڈیو فوٹیج کی اجرائی کے بعد تلنگانہ میں بی جے پی کے انچارج ترون چگ نے وضاحت کی ہے کہ بی جے پی نے کبھی بھی ٹی آر ایس ارکان کو خریدنے کی کوشش نہیں کی اور اس اسکام کے ملزمین سے بی جے پی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ترون چگ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر اس معاملہ میں جھوٹ اور گمراہ کن بیانات کا سہارا لے رہے ہیں۔ دراصل حکومت اور ارکان اسمبلی پر کے سی آر کی گرفت کمزور ہوچکی ہے ۔ ہم نے کبھی بھی رقم اور کنٹراکٹ کے نام پر ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش نہیں کی ۔ وہ خود اپنے طور پر پارٹی چھوڑ رہے ہیں۔ اس معاملہ سے بی جے پی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ترون چگ نے ارکان اسمبلی خریدی اسکام کیلئے چیف منسٹر کے سی آر کو ڈرامہ کا ماسٹر مائینڈ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کا میڈیا کے روبرو یہ بیان دینا کہ ارکان اسمبلی کو خریدا جارہا ہے ، ان کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں کانگریس اور تلگو دیشم سے ارکان اسمبلی کو خریدنے والے کے سی آر آج بی جے پی پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ ترون چگ نے کہا کہ کے سی آر عوامی اعتماد سے محروم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر بی جے پی کے ریاستی صدر نے یادادری مندر میں حلف لیا ہے ۔ اگر ٹی آر ایس قائدین اپنے الزامات میں سچے ہوں تو انہیں بھی مندر آکر قسم اٹھانی چاہئے ۔ر