ٹی آر ایس حکومت نے کسانوں کو نظرانداز کردیا: ششی دھر ریڈی

   

پردیش کانگریس کسان سیل کا اجلاس، احتجاجی لائحہ عمل پر غور
حیدرآباد ۔ 10۔جون (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کسان کانگریس کا اجلاس آج گاندھی بھون میں منعقد ہوا ۔ اے آئی سی سی کسان سیل کے نائب صدرنشین ایم کودنڈا ریڈی اور سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں کسانوں کو درپیش مسائل اور آفات سماوی سے نمٹنے کیلئے حکومت کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا ریڈی نے کہا کہ کسانوں کو اراضی ریکارڈ اور پٹہ دار پاس بک سے محروم رکھا گیا ہے۔ ریاست بھر میں کسان اس مسئلہ پر احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو رعیتو بندھو اسکیم کے بقایا جات فوری جاری کرنے چاہئے۔ 6 تا 7 لاکھ کسان ابھی تک پاس بک سے محروم ہیں۔ رنگا ریڈی ضلع میں 35 ہزار کسانوں کو رعیتو بندھو اسکیم کی رقم جاری نہیں کیا گئی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اراضی ریکارڈ کو بہتر بنانے اور پاس بک کی اجرائی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ کودنڈا ریڈی نے بتایا کہ کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے عنقریب احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا جائے گا۔ کسان اپنی پیداوار کی اقل ترین امدادی قیمت سے محروم ہیں۔ ایم ششی دھر ریڈی نے بتایا کہ یو پی اے حکومت نے 2005 ء میں ڈیساسٹر مینجمنٹ قانون وضع کیا جس کے تحت پانچ برسوں میں ریاست کو 1500 کروڑ کی امداد جاری کی گئی ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مرکز سے حاصل ہونے والے فنڈس اور خرچ کے بارے میں وائیٹ پیپر جاری کریں۔