5300 کروڑ کے اثاثہ جات، وائی ایس آر کانگریس ایم پی دوسرے بڑے دولتمند
حیدرآباد ۔ /29 مئی، ( سیاست نیوز ) ٹی آر ایس نے راجیہ سبھا کی 3 نشستوں پر امیدواروں کے سلسلہ میں غیر متوقع انداز میں سیاسی قائدین پر صنعت کاروں کو ترجیح دی ہے۔ ہیتھرو گروپ کے صدرنشین بی پارتا سارتھی ریڈی کو ٹی آر ایس نے راجیہ سبھا کیلئے امیدوار بنایا ہے جو آمدنی کے اعتبار سے ملک کے دولتمند رکن پارلیمنٹ بن چکے ہیں جن کے اثاثہ جات کی مالیت 5300کروڑ بتائی گئی ہے۔ پارتا سارتھی ریڈی نے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے وقت اپنے اثاثہ جات کی جو تفصیلات داخل کی ہیں اس کے مطابق ان کے شخصی اثاثہ جات 3909 کروڑ کے ہیں جبکہ ارکان خاندان کے ساتھ ملا کر اثاثہ جات 5300 کروڑ ہوجائیں گے۔ زیادہ تر اثاثہ جات ہیتھرو گروپ میں شیئرس اور سرمایہ کاری کی شکل میں ہیں۔ 2021 تک بہار کے رکن پارلیمنٹ مہیندر پرساد 4070 کروڑ کے اثاثہ جات کے ساتھ ملک کے سب سے دولتمند رکن پارلیمنٹ تھے۔ جنتا دل یونائٹیڈ ایم پی کا 2001 میں دیہانت ہوا جن کا تعلق فارماسیوٹیکل انڈسٹری سے تھا۔ پرساد کے بعد رامکی گروپ بانی اے ایودھیا رامی ریڈی 2577 کروڑ کے ساتھ ملک کے دولتمند رکن پارلیمنٹ شمار کئے گئے۔ وہ آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ ہیتھرو گروپ صدرنشین کو راجیہ سبھا کیلئے امیدوار بنائے جانے کے بعد وہ دیگر ارکان پارلیمنٹ کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔ پارتا سارتھی ریڈی کے منقولہ اثاثہ جات 3858 کروڑ ہیں جن میں 3407 کروڑ شیئرس کی شکل میں ہیں۔ 1249 کروڑ میں 1140 کروڑ ان کی اہلیہ کی حصہ داری ہے۔ 2020-21 میں پارتھا سارتھی اور ان کے خاندان کی آمدنی 140 کروڑ تھی جبکہ واجبات 73 کروڑ کے ہیں۔ ان کے پاس 13 کروڑ مالیتی زیورات ہیں جبکہ ان کی اہلیہ کے پاس 6 کروڑ کے زیورات موجود ہیں۔ ریڈی کے خلاف ڈرگس اینڈ کاسمیٹک ایکٹ کے تحت 4 مقدمات ہیں۔ر