ٹی آر ایس رکن اسمبلی کشن ریڈی کی دوسری مرتبہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ میں طلبی

   

حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی منچی ریڈی کشن ریڈی کی مشکلات میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے آج انہیں دوبارہ پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا ہے۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے کل 9 گھنٹوں تک منچی ریڈی کشن ریڈی سے منی لانڈرنگ معاملات میں پوچھ تاچھ کی تھی۔ فارن فنڈنگ سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کے الزامات کا سامنا کرنے والے رکن اسمبلی کو نوٹس کے ذریعہ طلب کیا گیا۔ بیرونی ممالک میں سرمایہ کاری اور رقومات جمع کرنے کے امور پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے توجہ مرکوز کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عہدیداروں نے رکن اسمبلی کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد ہر صفحہ پر ان کی دستخط حاصل کی ہے۔ رکن اسمبلی کے بیرونی دوروں اور مالیاتی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ ابراہیم پٹنم کے رکن اسمبلی جو پارٹی کے ضلع صدر بھی ہیں انہیں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے طلب کئے جانے پر پارٹی قائدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ منچی ریڈی کشن ریڈی تلگودیشم سے وابستہ تھے اور 2009 میں پہلی مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے بعد میں 2014 میں دوسری مرتبہ تلگودیشم کے ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ 2018 میں ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر معمولی اکثریت سے تیسری مرتبہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ منچی ریڈی کشن ریڈی کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے طلبی کے بعد اپوزیشن نے انہیں برطرف کرنے کی مانگ کی ہے۔ر