پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیابی کا یقین ، کے ٹی آر کا پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔ مسٹر کے ٹی رامار اؤ نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے بعد پارٹی کے سرکردہ اور اہم قائدین کے اجلاس کے دوران پارٹی کارکن جو رائے شماری کا حصہ ہوں گے انہیں انتہائی چوکس اور چوکنا رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کو یقین ہے کہ پارٹی کو بھاری کامیابی حاصل ہوگی لیکن اس کے باوجود رائے شماری کے دوران جو ایجنٹس رائے شماری کے مرکز پر ہوں گے انہیں سخت چوکس اور چوکنا رہنا ہوگا تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامہ آرائی پر قابو پایا جاسکے۔ مسٹر کے ٹی رامار راؤ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی و ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق نے پارٹی کے اہم قائدین سے بات چیت کے دوران کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اس بات کا یقین ہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی اپنے دم پر مئیر اور ڈپٹی مئیر کے عہدہ پر قبضہ کرے گی لیکن اس کے باوجود بھی رائے شماری کے موقع پر لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے سے اجتناب کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی بھی دوسری سیاسی جماعت کی جانب سے کسی قسم کی ہنگامہ آرائی یا بدعنوانی نہ ہونے پائے۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی حدود میں موجود تمام انچارجس اور سرکردہ قائدین سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے رائے دہی کے دوران پارٹی کارکنوں اور امیدواروں کی جانب سے انجام دی جانے والی خدمات اور کوششوں کو قابل قدر و ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ راشٹرسمیتی امیدواروں اور قائدین نے اپنی مکمل کوشش کی ہے جس سے پارٹی مطمئن ہے اور پارٹی کو اپنے ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بعد اس بات کا یقین ہے کہ شہر حیدرآباد میں نتائج تلنگانہ راشٹر سمیتی کے حق میں ہوں گے ۔انہوں نے تمام امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے رائے شماری کے ایجنٹس کو تربیت دینے کے علاوہ انہیں مراکز رائے شماری میں چوکس رہنے کی تاکید کریں۔