ٹی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے عہدہ پر کے ٹی آر کا ایک سال مکمل

   

وزراء ، عوامی نمائندوں اور قائدین کی ملاقات اور مبارکباد
حیدرآباد ۔17۔ڈسمبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے عہدہ پر کے ٹی راما راؤ کے ایک سال کی تکمیل پر آج وزراء ، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان مقننہ کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین کی کثیر تعداد نے کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ۔ پرگتی بھون میں مختلف وزراء نے کے ٹی آر سے ملاقات کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ریاستی وزیر شریمتی ستیہ وتی راتھوڑ ، اسمبلی کی پبلک انڈر ٹیکنگ کمیٹی کے صدرنشین رکن اسمبلی جیون ریڈی ، رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی ، رکن پارلیمنٹ کویتا ، سابق وزیر مہیندر ریڈی، رکن اسمبلی ریڈیانائک ، ارکان اسبملی دھرما ریڈی ، ریکھا نائک ، آر باپو راؤ ، نریندر ، ڈاکٹر آنند کے علاوہ سابق رکن پارلیمنٹ بی نرسیا گوڑ نے کے ٹی آر کو مبارکباد پیش کی۔ قائدین نے ورکنگ پریسیڈنٹ کی حیثیت سے کے ٹی آر کے دور میں پارٹی کی کامیابیوں کا ذکر کیا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کے ٹی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس آئندہ بھی مجالس مقامی اور دیگر انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی ۔ ریاستی وزیر ستیاوتی راتھوڑ نے کہا کہ کے ٹی آر نے پارٹی کے استحکام کیلئے مساعی کی ہے۔ بنیادی سطح پر پارٹی کیڈر کا حوصلہ بلند کرتے ہوئے ٹی آر ایس کو عوام کے دلوں میں جگہ دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کی بھلائی کے لئے کے ٹی آر نے کئی قدم اٹھائے۔ پارٹی کارکنوں کو انشورنس اسکیم سے جوڑا گیا اور انتقال کی صورت میں ارکان خاندان کو رقم ادا کی گئی ۔ قائدین نے امید ظاہر کی کہ کے ٹی آر کی قیادت میں پارٹی مزید مستحکم ہوگی اور کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کے ٹی آر کو ایک قابل اور تجربہ کار قائد قرار دیتے ہوئے قائدین نے مستقبل میں نئے اور اعلیٰ عہدوں کی توقعات وابستہ کیں۔