ٹی آر ایس یوم تاسیس ‘کے سی آر نے پرچم لہرایا

   

تلنگانہ بھون میں محدود تقریب، وزراء اور سینئر قائدین کی شرکت
حیدرآباد ۔27 ۔ اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا آج 20 واں یوم تاسیس سادگی کے ساتھ منایا گیا ۔ پارٹی ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون پر چیف منسٹر و صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر انتہائی محدود قائدین کو شرکت کی اجازت دی گئی ۔ کورونا لاک ڈاؤن کی پابندی کرکے سماجی فاصلہ برقرار رکھا گیا تھا ۔ چیف منسٹر کے ہمراہ تقریب میں بمشکل 10 تا 15 قائدین شریک تھے ۔ کے سی آر نے پرچم کشائی انجام دی اور تلنگانہ شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کے سی آر اور انکی قیادت کی تائید میں نعرے لگائے گئے ۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کے نظریہ ساز پروفیسر جئے شنکر کے مجسمہ پر پھول چڑھائے۔ لاک ڈاون میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کو ہدایت تھی کہ وہ اپنے مقامات پر سادگی کے ساتھ یوم تاسیس منائیں۔ وزراء اور عوامی نمائندوں کو اضلاع میں پرچم کشائی کی ہدایت دی گئی تھی ۔ 27 اپریل 2001 ء کو تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا قیام عمل میں آیا اور علحدہ تلنگانہ اس کا مین ایجنڈہ تھا ۔ قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ چیف منسٹر کی تصویر اور گلابی ماسک تقسیم کریں۔ قائدین اور کارکنوں نے اپنے مکانات پر پارٹی پرچم لہرایا۔ تقریب میں سکریٹری جنرل ڈاکٹر کے کیشو راؤ ، وزراء محمد محمود علی ، کے ٹی راما راؤ ، ای راجندر ، سابق اسپیکر مدھو سدن چاری ، فارمر کوآرڈینیشن کمیٹی صدرنشین پی راجیشور ریڈی ، رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار و دیگر موجود تھے ۔