کسانوں کی اموات کیلئے چیف منسٹر ذمہ دار : ایٹالہ راجندر
حیدرآباد 12 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے کہاکہ ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ کسانوں کی اموات کے لئے چیف منسٹر کے سی آر ذمہ دار ہیں۔ بی جے پی ارکان اسمبلی ایٹالہ راجندر اور این رگھونندن راؤ نے کل ضلع میدک کے حویلی گھن پور منڈل کا دورہ کرتے ہوئے بھوپتی پور موضع میں خودکشی کرنے والے کسان روی کے ارکان خاندان کو پرسہ دیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے کسانوں کو دھان کی کاشت نہ کرنے کا مشورہ دینے پر روی نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔ کسانوں کی اموات پر چیف منسٹر کے سی آر کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ اس مسئلہ پر چیف منسٹر کو ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کسانوں میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کرنا چاہئے تھا۔ مگر چیف منسٹر کے علاوہ ریاستی حکومت اور وزراء نے روی کی خودکشی پر کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ٹی آر ایس حکومت کسانوں سے کتنی ہمدردی رکھتی ہے۔ انھوں نے دھان کی کاشت نہ کرنے چیف منسٹر کی کسانوں سے اپیل کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ ایٹالہ راجندر نے موسم برسات کے تمام دھان فوری خریدنے کا تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا۔ دھان کی خریدی کے مسئلہ پر مرکزی حکومت کے خلاف گمراہ کن مہم چلانے کا حکومت پر الزام عائد کیا۔ روی کے ارکان خاندان کو فوری امداد کے طور پر 50 ہزار روپئے کا معاوضہ ادا کیا۔ ن