حیدرآباد۔/15 جنوری، ( سیاست نیوز) ٹی ایس ایمسیٹ کا نام تبدیل کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائر ایجوکیشن نے اس میں قدرے تبدیلی کرنے کی تجویز پیش کی ہے اور اس تجویز کو منظوری کیلئے حکومت کے پاس روانہ کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں عنقریب اعلان کئے جانے کی توقع ہے۔ اس کونسل کے عہدیداروں کے مطابق ٹی ایس انجینئرنگ، اگریکلچر اینڈ میڈیسن کامن انٹرنس ٹسٹ ( ٹی ایس ایمسیٹ ) کے نام میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے ٹی ایس انجینئرنگ، اگریکلچر اینڈ فارمیسی کامن انٹرنس ٹسٹ ( TS EAPCET) یا ٹی ایس انجینئرنگ، فارمیسی اینڈ اگریکلچر کامن انٹرنس ٹسٹ (TS EPACET) کا نام دینے کی تجویز رکھی گئی ہے۔ نیٹ کے متعارف ہونے کے بعد ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس میں داخلوں کو ایمسیٹ سے نکال دیا گیا ہے۔ اس کے نام میں تبدیلی سے مختلف پروفیشنل کورسیس میں داخلوں کے طریقہ کار میں تبدیلی نہیں ہوگی۔ طلبہ انجینئرنگ، اگریکلچر اور فارمیسی کورسیس میں ویسے ہی داخلے حاصل کریں گے جیسا کہ اب ہورہا ہے۔ TSEAPCET یا EPACET میں محصلہ نشانات کو بی ایس سی نرسنگ میں داخلہ کیلئے بھی استعمال کیا جائے گا۔