نئی دہلی: نیشنل ٹیلی میڈیسن ہیلتھ پروگرام کے ‘ڈسٹرکٹ مینٹل ہیلتھ پروگرام’ کے تحت ٹیلی مانس سرویس سے اب تک ملک کے مختلف حصوں سے دو لاکھ سے زیادہ لوگوں نے رابطہ کیا ہے ۔ وزارت صحت وخاندانی بہبود نے ہفتہ کے روز یہاں بتایا کہ یہ پروگرام اکتوبر 2022 میں ملک میں دماغی صحت کی خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔ مرکزی وزیر صحت وخاندانی بہبود مانسکھ منڈاویہ نے اس کامیابی کے لیے ہم وطنوں کو مبارکباد دی ہے ۔ اس وقت ملک کی 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 42 سے زیادہ ٹیلی مانس مراکز کام کر رہے ہیں۔ یہ مراکز 20 زبانوں میں روزانہ 1,300 سے زیادہ لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ 1900 سے زائد کونسلرز کو تربیت دی گئی ہے ۔