پارلیمانی حلقوں کی سطح پر میناکشی نٹراجن کے جائزہ اجلاس

   

میدک اور ملکاجگری کا کل گاندھی بھون میں اجلاس، بنیادی سطح پر کانگریس کو مستحکم کرنے کی منصوبہ بندی
حیدرآباد 2 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کی نئی انچارج میناکشی نٹراجن نے پارلیمانی حلقوں کی سطح پر جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اِس سلسلہ میں 4 مارچ سے لوک سبھا حلقہ جات کی سطح پر جائزہ اجلاسوں کا آغاز ہوگا۔ 4 مارچ کو 2 بجے دن میدک اور شام 5 بجے ملکاجگری لوک سبھا حلقہ جات کے قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ میناکشی نٹراجن کے علاوہ ریاست کے انچارج اے آئی سی سی سکریٹریز بھی شرکت کرسکتے ہیں۔ پارلیمانی حلقوں سے متعلق انچارج وزراء، ارکان اسمبلی و کونسل، ضلع کانگریس صدور، اسمبلی اور لوک سبھا میں مقابلہ کرنے والے امیدوار پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدیدار، محاذی تنظیموں کے صدورنشین، کارپوریشن کے صدورنشین، سابق وزراء، سابق ارکان اسمبلی اور ضلع کے سینئر قائدین شرکت کریں گے۔ میناکشی نٹراجن نے مجالس مقامی کے انتخابات کے پیش نظر پارٹی کو دیہی سطح پر مستحکم کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان کی ہدایت پر پارٹی اور حکومت کے درمیان بہتر تعلقات میل کے ایجنڈہ کے ساتھ وہ ذمہ داری قبول کرچکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ روزانہ کم از کم 2 لوک سبھا حلقہ جات کے جائزہ اجلاس منعقد ہوں گے۔ کانگریس ارکان پارلیمنٹ کے حلقہ جات میں رکن پارلیمنٹ کی کارکردگی اور مقامی قائدین کے سرکاری اسکیمات میں رول کا جائزہ لیا جائے گا۔ ایسے پارلیمانی حلقہ جات جہاں بی جے پی ارکان پارلیمنٹ ہیں وہاں پارٹی کو مستحکم کرتے ہوئے مجالس مقامی کے انتخابات میں کامیابی دلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ 1