نئی دہلی، 19 دسمبر (یو این آئی) پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا ہے کہ ایک رکنِ پارلیمنٹ کے ذریعے پارلیمنٹ احاطے میں کتا لانے اور اس سلسلے میں قابل اعتراض تبصرہ کرنے ، نیز ایک دوسرے رکن کے ایوان میں ای سگریٹ پینے کی شکایات کو با اختیار کمیٹیوں کے پاس بھیجا جائے گا اور ان کی سفارشات کی بنیاد پر متعلقہ ایوان ان معاملات میں فیصلہ کرے گا۔ رجیجو نے جمعہ کے روز سرمائی اجلاس کے اختتام پر پارلیمنٹ احاطے میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔انہوں نے بتایا کہ لوک سبھا میں ایک رکن کی جانب سے ایک دوسرے رکن کے ای سگریٹ پینے سے متعلق شکایت درج کرائی گئی ہے ۔ اس معاملے کو فارنسک جانچ کے لیے بھیجا جائے گا اور وہاں سے رپورٹ موصول ہونے کے بعد اسپیکر اوم برلا آئندہ کارروائی کا فیصلہ کریں گے ۔ قابل ذکر ہے کہ راجیہ سبھا کی رکن رینوکا چودھری سرمائی اجلاس کے دوران اپنی کار میں ایک کتا لے کر پارلیمنٹ احاطے میں آئی تھیں۔
