پارٹی استحکام اولین ترجیح، میناکشی نٹراجن کی لوک سبھا حلقہ جات کے قائدین سے ملاقات

   

مجالس مقامی چناؤ پر توجہ دینے کی ہدایت، ڈسپلن شکنی پر کارروائی کا انتباہ
حیدرآباد۔ یکم؍ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کے استحکام اور مجوزہ مجالس مقامی انتخابات پر ہائی کمان نے توجہ مرکوز کی ہے۔ اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن نے ایک طرف پردیش کانگریس کمیٹی کے عاملہ کی تشکیل تو دوسری طرف ضلع اور بلاک سطح تک پارٹی کو مستحکم کرنے وسیع تر مشاورت جاری رکھی ہے۔ میناکشی نٹراجن نے پارلیمانی حلقہ جات کی سطح پر جائزہ اجلاس منعقد کرکے انچارج وزراء، ایم پیز و ایم ایل ایز سے تبادلہ خیال کیا اور بنیادی سطح تک پارٹی کیڈر کو متحرک کرنے تجاویز حاصل کی ہیں۔ لوک سبھا حلقہ جات کی سطح پر اجلاس کا مقصد مجالس مقامی چناؤ کی تیاریوں میں شدت پیدا کرنا اور قائدین میں باہمی اشتراک کو یقینی بنانا ہے۔ میناکشی نٹراجن نے دورسرے مرحلہ میں ورنگل، ناگرکرنول، سکندرآباد اور میڑچل حلقہ جات قائدین کا اجلاس منعقد کیا۔ وہ کارپوریشنوں کے صدور نشین اور ارکان اسمبلی اور کونسل سے بھی رائے حاصل کررہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق میناکشی نٹراجن نے قائدین پر واضح کیا کہ وہ پارٹی اور سرکاری عہدوں کے لئے دوڑ دھوپ کی بجائے پارٹی استحکام پر توجہ دیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکیمات اور کانگریس کے نظریات کو عام کرنے میں اہم رول ادا کرنے والے قائدین اور کارکنوں کو مناسب عہدے دیئے جائیں گے۔ نٹراجن نے ڈسپلن شکنی پر کارروائی کا بھی انتباہ دیا اور کہا کہ بعض قائدین پارٹی اور حکومت کے خلاف بیان بازی میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ارکان اسمبلی اور کونسل نے اعلیٰ عہدیداروں اور وزراء کی شکایت کی اور کہا کہ مقامی سطح کے مسائل کی یکسوئی میں عہدیدار عدم دلچسپی دکھا رہے ہیں جس کے نتیجہ میں ارکان اسمبلی کو عوام کی ناراضگی کا سامنا ہے۔ میناکشی نٹراجن نے تیقن دیا کہ وہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ارکان اسمبلی اور کونسل سے ملاقات کی ترغیب دیں گے تاکہ نظم و نسق کو ارکان اسمبلی کی تجاویز پر عمل کرنے پابند کیا جاسکے۔ تلنگانہ میں جولائی میں مجالس مقامی کے انتخابات کا امکان ہے اور مجالس مقامی میں پارٹی کے بہتر مظاہرہ کو یقینی بنانے ابھی سے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ گرام پنچایت اور شہری بلدی اداروں میں پارٹی کے موقف کا جائزہ لیا گیا۔ میناکشی نٹراجن نے وزراء کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع کے عوامی نمائندوں کو ترجیح دیں اور ضلع کلکٹرس کو پابند کیا جائے کہ وہ عوامی نمائندوں کی تجاویز پر کارروائی کریں۔ میناکشی نٹراجن نے اقتدار کو غیر مرکوز کرنے کا مشورہ دیا تاکہ بنیادی سطح تک پارٹی کارکنوں کو عوام میں جواب دہ بنایا جاسکے۔ گرام پنچایت سے ضلع سطح تک قائدین کی نمائندگیوں پر وزراء کو کارروائی کا مشورہ دیا گیا تاکہ مقامی سطح کے مسائل کی یکسوئی ہوسکے۔ انہوں نے حکومت کی اسکیمات کی مناسب تشہیر و عوام میں اسکیمات سے استفادہ کیلئے شعور بیداری کا مشورہ دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ استفادہ کنندگان تک اسکیمات کے فوائد کو پہنچایا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق میناکشی نٹراجن نے تیقن دیا کہ نامزد عہدوں اور خاص طور پر کارپوریشن صدور نشین عہدوں پر متحرک کارکنوں کو نمائندگی کیلئے مساعی کریں گی۔ انہوں نے پردیش کانگریس کمیٹی عاملہ نے سماجی انصاف کے مطابق نمائندگی کا یقین دلایا۔ ان کا کہنا تھا کہ راہول گاندھی نے عاملہ میں ایس سی، ایس ٹی، بی سی، اقلیت اور او بی سی طبقات کو 70 فیصد نمائندگی کا فیصلہ کیا ہے۔ 1