پانچ سو روپئے میں گیاس سلینڈر سربراہی اسکیم کا وقار آباد میں آغاز

   

اسپیکر پرساد کمار نے استفادہ کنندگان کو احکامات حوالے کئے، دیگر اسکیمات پر عمل آوری کا تیقن
حیدرآباد ۔20۔ ستمبر (سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے وقار آباد ضلع کے مومن پیٹ منڈل میں غریب اور مستحق خاندانوں میں 500 روپئے میں گیاس سلینڈر کی سربراہی سے متعلق احکامات حوالے کئے ۔ حکومت نے 500 روپئے گیاس سلینڈر کی سربراہی کے اہل خاندانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں باقاعدہ احکامات حوالے کئے جس کے تحت وہ اسکیم سے استفادہ کرپائیں گے ۔ اسپیکر اسمبلی جو وقار آباد اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی بھی ہیں، منتخب استفادہ کنندگان کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات سے قبل جن 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا تھا، ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اقتدار کے 8 ماہ میں تمام وعدوں پر عمل آوری کو یقینی بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 500 روپئے میں غریبوں کو گیاس سلینڈر کی سربراہی کا آغاز کیا جارہا ہے اور منتخب استفادہ کنندگان کو احکامات حوالے کئے گئے ۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے اقتدار کے 48 گھنٹوں میں خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت سے متعلق وعدہ کی تکمیل کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اسکیم کے تحت وقار آباد ضلع میں 1.70 لاکھ خواتین نے مفت سفرکی سہولت سے استفادہ کیا۔ مفت سفر کی سہولت اسکیم کیلئے حکومت کی جانب سے آر ٹی سی کو سالانہ 908 کروڑ ادا کئے جارہے ہیں۔ پرساد کمار نے کہا کہ حکومت تمام غریب خاندانوں کی بھلائی کے حق میں ہے اور فلاحی اسکیمات کے فوائد سے کوئی بھی غریب خاندان محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے خوشحال تلنگانہ کو مقروض تلنگانہ میں تبدیل کردیا تھا۔ سابق بی آر ایس دور حکومت میں اراضی ، ریت ، برقی اور پانی کے شعبہ جات میں کئی اسکامس ہوئے اور صرف ایک خاندان کو فائدہ پہنچا۔ ریونت ریڈی حکومت نے کمزور معاشی موقف کے باوجود فلاحی اسکیمات پر عمل آوری شروع کی ہے اور ریاستی کے قرض کو ادا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری اسکیمات پر عمل آوری کیلئے دن رات محنت کر رہی ہے۔ سابق حکومت سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے موقف میں نہیں تھی لیکن کانگریس حکومت ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہیں ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کئے گئے۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے کی امداد سے متعلق اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔ تقریب میں اعلیٰ عہدیدار اور مقامی عوامی نمائندے شریک تھے۔ 1