پاپولر فرنٹ پر پابندی سے مقصد کی تکمیل نہیں: یچوری

   

آر ایس ایس پر تین مرتبہ پابندی کا تذکرہ، دیگر تنظیموں کا ملا جلا ردعمل
حیدرآباد۔/28 ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے پاپولر فرنٹ آف انڈیا اور اس کی ملحقہ تنظیموں پر پابندی کے فیصلہ پر ملک بھر میں ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔ سی پی آئی ایم کے قومی جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے کہا کہ تنظیموں پر پابندی سے کوئی مقصد پورا نہیں ہوگا کیونکہ یہ تنظیمیں دوسرے ناموں سے دوبارہ منظر عام پر آتی ہیں۔ پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر پانچ سال تک پابندی کے بارے میں پوچھے جانے پر سیتا رام یچوری نے کہا کہ سابق میں آر ایس ایس پر تین مرتبہ پابندی عائد کی گئی تھی لیکن اس نے اپنی کارکردگی کو نہیں روکا۔ یچوری نے کہا کہ پابندی کوئی حل نہیں ہے سابق میں بھی ممنوعہ تنظیمیں نئے نام سے دوبارہ سرگرم ہوئی ہیں۔ انہوں نے سیمی کا حوالہ دیا اور کہا کہ امتناع سے کوئی فرق نہیں پڑا۔ بی جے پی نے پاپولر فرنٹ پر پابندی کا خیرمقدم کیا ہے۔ ریاستی صدر بنڈی سنجے اور دیگر قائدین نے حکومت کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ دوسری طرف آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل نے پاپولر فرنٹ پر پابندی کا خیرمقدم کیا ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں مرکزی حکومت کے تحقیقاتی ادارہ این آئی اے کی جانب سے ملک بھر میں پاپولر فرنٹ کے دفاتر اور ان کے قائدین کی قیامگاہوں پر دھاوے کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ر