پاکستان امریکہ کا اہم شراکت دار : تھامس ویسٹ

   

واشنگٹن : امریکہ کے نائب معاون وزیر خارجہ تھامس ویسٹ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کا اہم شراکت دار ہے، اور ہم مل کر کام کرتے رہیں گے۔ افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے اور نائب معاون وزیر خارجہ تھامس ویسٹ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ گزشتہ سال کے دوران پاکستان کے خلاف ٹی ٹی پی کے حملوں میں کافی اضافہ دیکھا ہے اور یہ تشویش کی بات ہے۔ نائب معاون وزیر خارجہ تھامس ویسٹ نے کہا کہ طالبان کا ایمن الظواہری کو پناہ دینا دوحہ معاہدے کی کھلی خلاف ورزی تھی، امریکی حکام اور طالبان نمائندوں نے دوحہ میں پہلی بار ْآمنے سامنے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ بات چیت میں انسانی حقوق پر تشویش کا اظہار ضرور کرتے ہیں، طالبان کے ساتھ دہشت گردی پر بھی تفصیل سے بات کی، القاعدہ کے حوالے سے خدشات اور داعش سے لڑنے کے لیے طالبان کی کوششوں پر بات کی۔