پاکستان میں فوجی کارروائی دہشت گردی کیخلاف تھی:جئے شنکر

   

کوپن ہیگن، 23 مئی (یو این آئی) وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعہ کے روز مغربی ممالک پر واضح کیا کہ ہندوستان نے پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کشمیر کے مسئلہ پر نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے جواب میں کی ہے ۔وزیر خارجہ ڈاکٹر جے شنکر نے ڈنمارک کے اخبار پولیٹیکن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا، ‘‘یہ مسئلہ کشمیر پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تنازعہ نہیں تھا بلکہ 22 اپریل کو پہلگام میں پاکستانی دہشت گردوں کے ہاتھوں 26 افراد کے بہیمانہ قتل پر ہندوستان کا ردعمل تھا۔’’گزشتہ چند دہائیوں سے مغربی ممالک کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی حمایت پر انہوں نے کہا کہ پاکستان 1947 سے کشمیر میں ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے لیکن جمہوریت کا حامی یورپ خطے میں فوجی آمروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے ۔مغربی ممالک پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کی مانند کسی نے پاکستان کی فوجی حکمرانی کی حمایت نہیں کی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دنیا اور یورپ کے بارے میں میرا نقطہ نظر میرے اپنے تجربات پر مبنی ہے ، آپ سرحدوں کی سالمیت کی بات کرتے ہیں، ہم اپنی سرحدوں کی سالمیت سے کیوں نہیں شروع کرتے ہیں۔ یہیں سے میری دنیا شروع ہوتی ہے ، لیکن ہمیں ہمیشہ کہا گیا ہے کہ اسے ہمیں خود ہی حل کرنا ہوگا۔