پاکستان ورلڈ کپ کے مقابلے کولکتہ اور چینائی میں کھیلنے کا خواہاں

   

دبئی ۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے بارے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ کے دوران اپنے میچز ہندوستان کے دو شہروں کولکتہ اور چینائی میں کھیلنا پسند کرے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ذرائع کے مطابق پاکستان ورلڈ کپ کے دوران اپنے زیادہ میچز کولکتہ اور چینائی میں کھیلنے کا خواہاں ہے۔یہ دو مقامات ایسے ہیں جو گذشتہ دوروں کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے محفوظ سمجھے گئے تھے۔ آئی سی سی کے قریبی ذرائع نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی سی سی آئی اور ہندوستانی حکومت پر کافی کچھ منحصر ہے لیکن اگر پاکستان کو اختیاردیا جائے تو وہ ورلڈ کپ میں اپنے میچزکولکتہ اور چینائی میں کھیلنے کو ترجیح دے گا۔کولکتہ میں پاکستان نے 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کے خلاف میچ کھیلا تھا اور کھلاڑی سکیورٹی کے حوالے کے کافی خوش تھے۔ اسی طرح بطور میزبان چینائی بھی پاکستان کے لیے یادگار ہے۔ یہاں بات شہروں میں خود کو محفوظ سمجھنے کی بھی ہے۔میگا ایونٹ میں اصل مسئلہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ کو کس میدان پرکروایا جائے، اس کا ہے۔ احمد آباد کا نریندر مودی اسٹیڈیم جہاں ایک لاکھ 32 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے وہ اس ہائی پروفائل میچ سے غیر معمولی منافع کما سکتا ہے لیکن وہاں پہلے سے ہی ورلڈ کپ کا فائنل مقرر ہے لہٰذا روایتی حریفوں کے درمیان میچ کسی دوسرے مقام پر ہی کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ کے دوران ہر ٹیم فی کس نو میچز کھیلے گی اور سیمی فائنل سے پہلے کا مرحلہ راؤنڈ رابن ہی ہوگا۔دوسری جانب میزبان کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی سے مشاورت کے بعد آئی سی سی کی ایونٹس کمیٹی آئندہ چند ماہ کے دوران ورلڈ کپ کو حتمی شکل دے گی تاکہ دنیا بھر سے آنے والے شائقینِ کرکٹ اپنی تیاریاں کر سکیں۔ یاد رہے کہ آئی سی سی کے جنرل مینیجر وسیم خان نے اپنی جانب سے پاکستانی میڈیا کو اطلاع فراہم کی تھی کہ پاکستان ورلڈکپ میں اپنے میچز ہندوستان کے بجائے بنگلہ دیش میں کھیل سکتا ہے کیونکہ پاکستانی ٹیم بھی ایشیا کپ کے لیے پاکستان آنے کو تیار نہیں ہے۔