ملتان ۔ یہاں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی میزبان ٹیم نے ٹسٹ سیریز1-1 سے برابر کرلی ہے۔ پاکستان کے اسپنرز ہی تھے جنہوں نے اس بے مثال فتح کی کہانی لکھی جنہوں نے انگلینڈ کی تمام 20 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے 38 سالہ اسپنر نعمان علی نے کمال کر کے تاریخ رقم کردی۔ ساتھی اسپنر ساجد خان کے ساتھ ان کی جوڑی 1994 کے بعد پہلی بار پاکستان کرکٹ میں دیکھی گئی۔ 38 سالہ نعمان علی نے کمال کردیا۔ نعمان علی نے297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم کے خلاف 46 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ کسی بھی پاکستانی اسپنر کی جانب سے ٹسٹ میچ میں چوتھی اننگز میں گیند کے ساتھ بہترین کارکردگی ہے۔ اس کے ساتھ ہی نعمان علی ٹسٹ میچ میں 10 یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستان کے معمر ترین بولر بھی بن گئے۔ نعمان علی نے ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں 11 وکٹیں حاصل کیں۔ نعمان علی کو دوسرے سرے سے ساجد خان کا بھی شاندار ساتھ ملا جنہوں نے دوسری اننگز میں 93 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ساجد خان نے پہلی اننگز میں 111 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح انہوں نے ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں بھی مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے کپتان شان مسعود نے دوسری اننگز میں اپنی بولنگ میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ انہوں نے نعمان کو ایک سرے سے اور ساجد کو دوسرے سرے سے رکھا۔ یہ ٹسٹ کرکٹ میں 30 سال بعد ہوا جب پاکستانی بولروں کی ایک ہی جوڑی نے پوری اننگزکو سمیٹ لیا۔ آخری بار ایسا 1994 میں سری لنکا کے خلاف کینڈی میں دیکھا گیا تھا، جہاں اکرم اور وقار مکمل اننگز میں بولنگ کر رہے تھے۔