ہرارے ۔ پاکستانی بیٹسمینوں نے جمعہ کو شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میزبان زمبابوے کے بولروں کا حوصلہ آزمانے کی تیاری کرلی جب کہ ٹاپ اور مڈل آرڈرکو مستحکم بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز رہی۔ پہلے ٹسٹ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان ٹیم ددوسرے میچ کیلیے تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہے اور مہمان کرکٹرز نے بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا،اس دوران ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بیٹنگ کوچ یونس خان نے ٹاپ اور مڈل آرڈر کو مستحکم بنانے پر توجہ مرکوز رکھی۔عابد علی اور عمران بٹ نے نیٹ میں طویل وقت گزارتے ہوئے اپنے دفاع کو بہتر بنانے کے ساتھ اچھے اسٹروکس بھی کھیلے، اظہر علی اور بابر اعظم نے کور ڈرائیوزکی مہارت میں بہتری لانے کے ساتھ شارٹ گیندوں کا بھی سامنا کیا۔فواد عالم نے تھرو بولنگ اور سلوبولرزکا بھی بڑے اعتماد سے سامنا کیا،انھیں تسلسل کے ساتھ سوئپ شاٹ کھیلتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ اسپنرز نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود نے مقامی حالات سے فائدہ اٹھانے کیلئے بھرپور ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ میدان میں چلنے والی ہوا سے مدد لینے کی کوشش بھی ہوتی رہی۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، شاہنواز دھانی، تابش خان اور حارث رؤف نے بھرپور پریکٹس کی۔ اس سے قبل فیلڈنگ سیشن میں اونچے کیچز تھامنے کی مشق ہوئی،وکٹ کیپر محمد رضوان سنگل وکٹ کے قریب کھڑے ہوکر اسٹمپنگ اور رن آؤٹ کی پریکٹس کرتے نظر آئے۔یادر ہے کہ پاکستان نے پہلے ٹسٹ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے دومقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل ہے اور ٹی 20 کے بعد ٹسٹ سیریز بھی اپنے نام کرنے کی خواہاں ہوگا ۔