نئی دہلی ۔ جنوبی افریقہ کے لیجنڈ فاسٹ بولر ڈیل اسٹین سمجھتے ہیں کہ ہندوستانی بیٹسمین چیتیشور پجارا نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ ٹسٹ چیمپین شپ کے فائنل میں بہتر بیٹنگ کرتے ہوئے اسٹرائک روٹیٹ کرسکتے تھے۔ نمبر تین پر بیٹنگ کرنے والے پجارا کی فائنل میں بیٹنگ اور ان کی رنز بنانے کی رفتار اس وقت موضوع بحث بنی ہوئی جیسا کہ انہوں نے 54 گیندوں میں صرف 8 رنز اسکور کئے ہیں۔ پجارا نے اپنا پہلا رن بنانے کے لئے 36 گیندوں کا سامنا کیا جبکہ یہ 8 رنز بھی 2 چوکوں کی مدد سے بنائے گئے ہیں۔ بالآخر وہ فاسٹ بولر ٹرنٹ بولٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ اسٹین نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جب پجارا اپنی اس بیٹنگ کے ویڈیو کا تجزیہ کریں گے تو یقینا وہ دیکھیں گے کہ کئی ایک ایسی گیندیں تھیں جہاں وہ اسٹرائک روٹیٹ کرسکتے تھے۔ اسٹین نے مزید کہا کہ 50 گیندوں میں پجارا نہ صرف اسٹرائک روٹیٹ کرتے ہوئے اپنے اسکور میں بھی اضافہ کرسکتے تھے بلکہ ٹیم کے مجموعی اسکور میں بھی بہتر تعاون ہوتا تھا۔