پدم ایوارڈز کیلئے نامزدگی

   

نئی دہلی: ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزازات میں سے ایک پدم ایوارڈز کیلئے نیشنل ایوارڈ پورٹل پر 31جولائی تک آن لائن نامزدگی اور سفارشات کی جا سکتی ہیں۔ وزارت داخلہ نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال یوم جمہوریہ پر اعلان کیے جانے والے ان ایوارڈز کیلئے نامزدگی کا عمل 15 مارچ سے جاری ہے۔ پدم ایوارڈز یعنی پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری ملک کے اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈز میں سے ہیں،جن کا آغاز 1954 میں ہوا تھا۔
یہ ایوارڈ مختلف زمروں میں ‘شاندار کام’ کیلئے دیے جاتے ہیں۔ پدم ایوارڈز فن، ادب اور تعلیم، کھیل، طب، سماجی خدمات، سائنس اور انجینئرنگ، پبلک ورکس، سیول سروس، کاروبار اور صنعت وغیرہ جیسے شعبوں میں ممتاز اور غیر معمولی کامیابیوں کیلئے دیے جاتے ہیں۔ تمام افراد ذات، پیشہ، عہدے یا جنس کی تفریق کے بغیر ان ایوارڈز کے اہل ہیں۔ ڈاکٹروں اور سائنس دانوں کو چھوڑ کر، دیگر سرکاری ملازمین بشمول پبلک سیکٹر کے اداروں میں کام کرنے والے ملازمین پدم ایوارڈز کے اہل نہیں ہیں۔حکومت پدم ایوارڈز کو ‘‘جن کا پدم’’ (عوامی ایوارڈز) بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔ اس لیے تمام شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ نامزدگی اور سفارشات ہیش کریں۔ شہری خود کو بھی نامزد کر سکتے ہیں۔ خواتین، سماج کے کمزور طبقوں، درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل، معذور افراد اور معاشرے کی بے لوث خدمات میں مصروف افراد میں سے ایسے باصلاحیت افراد کی شناخت کیلئے ٹھوس کوششیں کی جا سکتی ہیں جن کی سربلندی اور کارنامے واقعی تسلیم کیے جانے کے مستحق ہیں۔نامزدگی کرتے وقت تمام متعلقہ تفصیلات کو بیان کردہ فارمیٹ میں شامل کیا جانا چاہیے ، جس میں بیانیہ کی شکل میں ایک حوالہ (زیادہ سے زیادہ 800 الفاظ)، واضح طور پر متعلقہ فیلڈ/ڈسپلن میں تجویز کردہ شخص کی ممتاز اور غیر معمولی کامیابیوں/خدمات کا ذکر کیا جانا لازمی ہوگا۔ وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر ‘ایوارڈز اور میڈلز’ کے عنوان کے تحت اور پدما ایوارڈ پورٹل کے ذریعے نامزدگیاں کی جا سکتی ہیں۔