پدماراؤ گوڑ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے بی آر ایس کے امیدوار

   

مقابلہ دلچسپ موڑ میں داخل، کانگریس سے ڈی ناگیندر بی جے پی سے جی کشن ریڈی امیدوار
حیدرآباد ۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے پدماراؤ کو پارٹی کا امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔ کے سی آر نے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے حدود میں شامل بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور پارٹی کے دوسرے قائدین سے مشاورت کے بعد اسمبلی حلقہ سکندرآباد کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے رکن اسمبلی پدماراؤ گوڑ کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی آر ایس پارٹی نے پہلے کئی ناموں پر غور کیا تاہم سائی کرن کے علاوہ دوسرے قائدین نے مقابلہ کرنے سے انکار کردیا۔ بتایا جاتا ہیکہ پہلے پدماراؤ بھی تیار نہیں تھے تاہم بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے پدماراگوڑ سے بات چیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ مصیبت کے موقع پر جو پارٹی کے ساتھ کھڑا رہے گا ان کا سیاسی مستقبل روشن رہے گا۔ کے سی آر کے منانے کے بعد پدماراؤ گوڑ مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہوگئے جس کے بعد بی آر ایس پارٹی نے سرکاری طور پر ان کے نام کا اعلان کردیا۔ بی آر ایس کے قائدین بھاری تعداد میں ان کی قیامگاہ کو پہنچ کر پدماراؤ گوڑ کو مبارکباد پیش کررہے ہیں۔ بی آر ایس پارٹی نے تاحال 17 کے منجملہ 14 لوک سبھا حلقوں کیلئے پارٹی امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ صرف تین حلقے بھونگیر، نلگنڈہ اور حیدرآباد سے امیدواروں کا اعلان کرنا باقی ہے جس کے ساتھ ہی سکندرآباد لوک سبھا کا انتخاب دلچسپ موڑ میں داخل ہوگیا ہے۔ بی جے پی نے موجودہ رکن پارلیمنٹ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کو دوبارہ امیدوار بنایا ہے۔ وہیں حکمران کانگریس نے بی آر ایس سے کانگریس میں شامل ہونے والے اسمبلی حلقہ خیریت آباد کے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کو حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے کانگریس کا امیدوار بنایا ہے۔2