پرانے شہر میں راہول گاندھی کا والہانہ استقبال

   


lروہت ویمولہ کی ماں نے ملاقات کی
l اسکولی طلبہ کا جمناسٹک کا مظاہرہ
l کانگریس قائد نے ڈرم بجایا
l برقعہ پوش خواتین اور بزرگوں نے استقبال کیا

حیدرآباد۔یکم نومبر، ( سیاست نیوز)کانگریس قائد راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے ساتویں دن آج پرانے شہر کے بعض علاقوں کا احاطہ کیا گیا اور راہول گاندھی کے ساتھ دلچسپ تجربات دیکھنے کو آئے۔ راہول گاندھی جب پرانا پل سے حسینی علم کے راستہ چارمینار کی سمت رواں دواں ہوئے تو انہیں مسلمانوں کی جانب سے غیر معمولی استقبال سے کافی مسرت دکھائی دے رہی تھی۔ سڑک کی دونوں جانب برقعہ پوش خواتین و طالبات کے علاوہ بزرگوں نے راہول گاندھی کا فراخدلانہ استقبال کیا اور مسلمانوں کی کثیر تعداد کو دیکھ کر راہول گاندھی کافی خوش دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے بعض بزرگوں اور خواتین سے رک کر بات کرنے کی کوشش کی لیکن سیکوریٹی حکام نے اجازت نہیں دی۔ چوک مرغاں اور لاڑ بازار میں پہنچنے کے بعد راہول گاندھی کو اس علاقہ کی تاریخی اہمیت سے واقف کرایا گیا۔ پولیس نے پدیاترا سے عین قبل بعض علاقوں میں دکانات کو احتیاطی طور پر بند کرادیا تھا۔ اگر لاڑ بازار میں بینگلس کی دکانات معمول کی مطابق کھلی ہوتیں تو ممکن تھا کہ راہول گاندھی دکانداروں سے ملاقات کرتے۔ یاترا کے ساتویں دن راہول گاندھی آرام گھر تک پہنچے اور وہاں پر لنچ کیلئے توقف کیا گیا۔ سہ پہر پرانا پل سے چارمینار تک یاترا روانہ ہوئی۔یاترا کے دوران ایک مقام پر راہول گاندھی کا فنکاروں نے روایتی ڈرم بجاکر استقبال کیا۔ راہول گاندھی کچھ دیر تک فنکاروں سے گھل مل گئے اور ڈرم بجایا۔ ایک مقام پر اسکولی طلبہ نے راہول گاندھی سے ملاقات کی اور ان کے روبرو جمناسٹک کا مظاہرہ پیش کیا۔ حیدرآباد یونیورسٹی کے اسکالر روہت ویمولہ کی ماں نے راہول گاندھی سے ملاقات کی اور کچھ دیر تک وہ یاترا میں شریک رہیں۔ شمس آباد سے یاترا کے آغاز کے موقع پر کلچرل کمیٹی کے صدرنشین بھٹی وکرامارکا نے مخصوص انداز میں ڈرم بجانے والوں کا مظاہرہ رکھا تھا۔ نظام دور حکومت سے یہ استقبالیہ روایت جاری ہے۔ مہمان کا شاہی ڈرم بجاکر استقبال کیا جاتا ہے۔ کاکتیہ دور حکومت میں جنگ کے موقع پر اور مندروں میں پوجا سے قبل مخصوص ڈرم بجایا جاتا رہا۔ راہول گاندھی نے اسکولی طلبہ کے ساتھ تصاویر کھنچوائیں جن میں اقلیتی طالبات بھی شامل تھیں۔ واضح رہے کہ یونیورسٹی آف حیدرآباد کے دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے پی ایچ ڈی اسکالر روہت ویمولہ نے ناانصافی پر خودکشی کرلی تھی۔ پرانا پل کے قریب بونال اور پوتراجو کے بھیس میں فنکاروں نے راہول گاندھی کا استقبال کیا۔ر