صدر ایم آئی ایم و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کا پرنسپال سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار کے ہمراہ دورہ
حیدرآباد۔12۔اکٹوبر(سیاست نیوز) پرانے شہر میں جاری سڑک کی توسیع کے کاموں کے علاوہ دیگر ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور پرانے شہر میں برساتی نالوں کے ذریعہ پانی کے بہاؤ میں بہتری لانے کے اقدامات کئے جار ہے ہیں۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے رکن پارلیمنٹ حیدرآبادو صدر مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی کے ہمراہ پرانے شہر کے حلقہ جات اسمبلی یاقوت پورہ اور بہادرپورہ کا دورہ کرتے ہوئے ان علاقوں کے مسائل کا جائزہ لیا اور ترقیاتی کاموں کی رفتار کے متعلق آگہی حاصل کی ۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے ان کے اپنے حلقہ میں ترقیاتی کاموں کی سست رفتار پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہاکہ سڑک کی توسیع کے معاملہ میں جس سست رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے بلدی عہدیداروں مسٹر اروند کمار‘ مسٹر لوکیش کمار کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ‘ جناب ضیاء الدین چیف انجنیئرجی ایچ ایم سی کے علاوہ رکن اسمبلی یاقوت پورہ جناب سید احمد پاشاہ قادری کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور انہیں حل طلب مسائل اور ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے میر عالم تالاب پر کیبل برج کی تعمیر کے سلسلہ میں جاری اقدامات کے سلسلہ میں بھی تفصیلات حاصل کی ۔بلدی عہدیداروں کے ہمرا ہ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے شاستری پور میں جاری ریل اوور برج کی تعمیر کے کاموں کو بھی تیز کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ گنجان آبادیوں کے درمیان ان راستوں کو مسدود کئے جانے کے سبب ٹریفک مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے عوا م کی سہولت کے لئے ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ پارلیمان حیدرآباد کے عوام کی سہولت کو یقینی بنانے کے اقدامات کو تیز کیا جائے ۔م