پرانے شہر کی ترقی کیلئے 10 ہزار کروڑ کا جامع منصوبہ : اتم کمار ریڈی

   

میٹرو ٹرین کیلئے 500 کروڑ مختص، سٹ ون کے احیاء کا وعدہ، صدرنشین سٹ ون گریدھر ریڈی نے جائزہ حاصل کرلیا
حیدرآباد 9 اگست (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی نے اعلان کیاکہ کانگریس حکومت پرانے شہر میں بیروزگاری کے خاتمہ کے عہد کی پابند ہے۔ سٹ ون اور دیگر اداروں کو متحرک کرتے ہوئے نوجوانوں کے لئے مختلف اسکل ڈیولپمنٹ سے متعلق کورسیس کے ذریعہ ہنر سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کے ہمراہ سٹ ون کے نئے صدرنشین این گریدھر ریڈی کی جائزہ تقریب میں شرکت کی۔ کانگریس کے سینئر قائدین نے گریدھر ریڈی کو سٹ ون کے صدرنشین کے عہدہ کا جائزہ لینے پر مبارکباد پیش کی۔ اِس موقع پر میڈیا سے بات چیت اتم کمار ریڈی اور دامودر راج نرسمہا نے کہاکہ حکومت پرانے شہر کی ہمہ جہتی ترقی کے اقدامات کررہی ہے۔ ترقی کے بارے میں ریونت ریڈی حکومت نے جو اعلانات کئے ہیں اُن پر بہرصورت عمل کیا جائے گا تاکہ پرانے شہر کے غریب خاندانوں کی معاشی صورتحال بہتر ہو۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ سٹ ون کے احیاء اور اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ پروگرامس کے ذریعہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذریعہ بھی پرانے شہر میں انفراسٹرکچر کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس نے اسمبلی الیکشن سے قبل میناریٹی ڈیکلریشن میں پرانے شہر سے متعلق جو وعدے کئے تھے اُن کی تکمیل ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ پرانے شہر میں بیروزگاری کے شرح 21 فیصد ہے اور 20 تا 24 سال عمر کے 45 فیصد نوجوان بیروزگار ہیں۔ 15 اگست 1978 ء کو اُس وقت کے چیف منسٹر ڈاکٹر این چناریڈی نے آئی اے ایس عہدیدار قادر علی خان کو منیجنگ ڈائرکٹر مقرر کرتے ہوئے سٹ ون کا قیام عمل میں لایا تھا۔ تلگودیشم اور بی آر ایس دور حکومت میں سٹ ون کو نظرانداز کردیا گیا۔ اُنھوں نے پرانے شہر کو نظرانداز کرنے کے لئے بی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے اُس وقت کے صدرنشین سٹ ون کے ساتھ ایک اجلاس بھی منعقد نہیں کیا۔ سٹ ون کا ادارہ خالص پرانے شہر میں اسکل ڈیولپمنٹ کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ کے سی آر نے 10 برسوں میں پرانے شہر کا دورہ کرنے کی زحمت نہیں کی اور نہ ہی عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ سٹ ون کے ذریعہ کانگریس دور حکومت میں روزگار پر مبنی کئی کورسیس کا آغاز کیا گیا جبکہ تلگودیشم اور بی آر ایس دور حکومت میں کورسیس کو ختم کردیا گیا۔ اسکول اور کالجس کے ڈراپ آؤٹ امیدواروں کے لئے سٹ ون کے ذریعہ مختلف کورسیس کی تربیت حاصل کرنا ممکن ہے۔ خواتین اور معذور افراد بھی اسکیمات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ 1979 ء میں سٹ ون کے تحت 2 ٹریننگ سنٹرس تھے جو بڑھ کر 38 ہوچکے ہیں اور 22 فرنچائز ادارے سٹ ون کے تحت کام کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ سٹ ون کے اداروں میں 38 کورسیس کی تربیت دی جاتی ہے۔ روزگار پر مبنی کورسیس میں تاحال 6 لاکھ 34 ہزار امیدواروں کو ٹریننگ دی گئی جبکہ 2 لاکھ 45 ہزار امیدواروں کو سٹ ون کے ذریعہ مختلف اداروں میں روزگار حاصل ہوا۔ کانگریس حکومت نے مالیاتی سال 2024-25 ء کے بجٹ میں پرانے شہر کی ترقی کے لئے 10 ہزار کروڑ مختص کئے ہیں۔ ریجنل رنگ روڈ کیلئے 1528 کروڑ، جی ایچ ایم سی کیلئے 3065 کروڑ اور موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ کیلئے 1500 کروڑ مختص کئے گئے۔ 100 کروڑ کے ذریعہ میٹرو ٹرین کو ایرپورٹ تک توسیع کا منصوبہ ہے۔ پرانے شہر میں میٹرو ٹرین پراجکٹ کیلئے 500 کروڑ مختص کئے گئے جبکہ ایم ایم ٹی ایس کیلئے 50 کروڑ کی گنجائش فراہم کی گئی۔ 1