ایچ ایم ڈی اے سے نوٹیفیکیشن کی اجرائی ، بڑے پیمانے پر فلائی اوورس کی تعمیرات
حیدرآباد ۔ 13 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر کی ترقی بالخصوص سیاحت کو فروغ دینے اور ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لیے میر عالم تالاب پر کیبل برج تعمیر کیا جارہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے ) کی جانب سے دو دن قبل ہی ٹنڈر نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے ۔ پرانے شہر کو ترقی دینے کے لیے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر ترقیاتی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ایک طرف ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لیے سڑکوں کی توسیع کے ساتھ بڑے بڑے فلائی اوورس تعمیر کئے جارہے ہیں تو دوسری طرف سیاحت کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کئے ۔ تاریخی عظیم ورثہ کی عظمت رفتہ کو بحال کیا جارہا ہے ۔ ساتھ ہی میر عالم تالاب کی خوبصورتی کو دوبالا کرنے اور اس کو ایک سیاحتی مرکز کے طرز پر ترقی دینے کے لیے کیبل برج تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس کے ڈیزائن کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ عصری تقاضوں سے لیس یہ کیبل برج ڈھائی کلومیٹر پر مشتمل ہوگا ۔ عطا پور انر رنگ روڈ تا میر عالم تالاب پر سے بہادر پورہ تک درگم چیرو کے طرز پر یہ کیبل برج تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بنگلور قومی شاہراہ سے قریب ایک ہزار ایکڑ پر مشتمل میر عالم تالاب ہے جو شہر میں حسین ساگر کے بعد دوسرا بڑا تالاب ہے ۔ اس کے بعد ہی درگم چیرو کا نمبر آتا ہے ۔ زو پارک کو پہونچنے والے سیاح میر عالم تالاب میں بوٹنگ کرتے ہوئے سیر و تفریح سے لطف اندوز ہورہے ہیں ۔ میر عالم تالاب پر کیبل برج کی تعمیر کے بعد شہر حیدرآباد میں کیبل برج کی تعداد دو ہوجائے گی ۔ اس کیبل برج کی تعمیر کو حکومت نے منظوری دے دی ہے ۔ پرانے شہر کو ترقیاتی کاموں میں نظر انداز کرنے کی شکایتوں کے بعد حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے تاکہ پرانے شہر کو بھی نئے شہر کے طرز پر ترقی دی جاسکے ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق کے اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار نے میر عالم ٹینک کا معائنہ کیا ہے ۔ تالاب کا تحفظ کرنے کے ساتھ اس کو سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ پرانے شہر کو ترقی دینے کے لیے اقدامات کا آغاز ہوگیا ہے ۔ فی الحال پرانا پل تا بہادر پورہ جانے والے راستے بنگلور ہائی وے پر فلائی اوور کے تعمیری کام جاری ہے ۔ اس کے ساتھ ہی انر رنگ روڈ آرام گھر سے چندرائن گٹہ ، سنتوش نگر ، کرمن گھاٹ جانے والے راستوں پر فلائی اوورس برجس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ یہ سب پرانے شہر کی ترقی کا حصہ ہیں ۔ میر عالم تالاب پر 2.50 کلو میٹر طویل کیبل برج تعمیر کرنے کا تازہ فیصلہ کیا گیا ہے جو پرانے شہر کے تاج میں نگینہ ثابت ہونے کے قوی امکانات ہیں ۔ ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے درگم چیرو پر تعمیر کردہ کیبل برج سے بہتر کیبل برج میر عالم تالاب پر تعمیر کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ اس کیبل برج کی تعمیر کے تین فائدے ہوں گے ۔ پہلا فائدہ یہ ہے کہ تالاب کا تحفظ ہوگا ۔ دوسرا کیبل برج کی تعمیر سے پرانے شہر میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ۔ تیسرا فائدہ یہ ہوگا کہ بہادر پورہ براہ کشن باغ سے گذرتے ہوئے عطا پور جانے کیلئے جو ٹریفک مسائل ہیں وہ حل ہونگے ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق نے اس کی ذمہ داری ایچ ایم ڈی اے کے سپرد کی ہے ۔ دو دن قبل ہی ڈیزائن کی تیاری کیلئے ٹنڈرس طلب کیا گیا ہے ۔۔ ن