یہ پولیس تحویل میں ہوئی موت ہے ۔ قائد اپوزیشن کی افراد خاندان سے ملاقات۔ چیف منسٹر پر اسمبلی میں غلط بیان دینے کا الزام
پربھنی: اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے آج پربھنی میں سومناتھ سوریاونشی کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد اس واقعے پر سنگین الزام عائد کیا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ پولیس نے سومناتھ سوریاونشی کو مار ڈالا اور الزام لگایا کہ سومناتھ کو اس لیے قتل کیا گیا کیونکہ وہ دلت تھے۔پربھنی میں سوریاونشی کے کنبہ کے افراد سے ملاقات کے دوران راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ سومناتھ سوریاونشی کی موت ایک سو فیصد حراستی موت تھی۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے راہول نے کہا کہ انہوں نے سوریاونشی کے خاندان کے افراد سے ملاقات کی، جنہوں نے انہیں پوسٹ مارٹم رپورٹ کے ساتھ کچھ تصاویر اور ویڈیوز بھی دکھائیں۔ گاندھی نے کہا کہ سومناتھ سوریاونشی کی حراست میں موت مار پیٹ کے نتیجے میں ہوئی، اور انہوں نے اس پر چیف منسٹر دیویندر فڑنویس کی اسمبلی میں دی گئی معلومات پر سوال اٹھایا۔ گاندھی کے مطابق فڑنویس نے کہا تھا کہ سومناتھ پر تشدد نہیں کیا گیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں تشدد کا کوئی ثبوت نہیں ملتا، جو جھوٹ تھا۔ راہول گاندھی نے اس کو ایک سیاسی مسئلہ نہ سمجھتے ہوئے اسے قتل قرار دیا اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کا نظریہ آئین مٹانے کا ہے ، اور سومناتھ سوریاونشی اس نظریے کے خلاف تھے ۔گاندھی نے اس معاملے میں تمام قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاست نہیں ہے ، یہ قتل ہوا اور کارروائی ہونی چاہیے ۔ جب ان سے پربھنی واقعہ کا ذمہ دار پوچھا گیا، تو انہوں نے کہا کہ اس کیلئے نظریہ ذمہ دار ہے ، اور چونکہ چیف منسٹر نے بات کی ہے ، وہ بھی ذمہ دار ہیں۔”اس کے بعد انہوں نے وجے وکوڑے کے خاندان سے بھی ملاقات کی، جن کی تشدد کے بعد پربھنی میں احتجاج کے دوران موت ہو گئی تھی۔ عیاں رہے کہ 10 دسمبر کو پربھنی میں آئین کے خالق ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے کے سامنے رکھی آئین کی نقل کی توہین پر امبیڈکر کے پیروکاروں نے احتجاج کیا تھا، جس کے نتیجے میں پولیس نے 51 افراد کو گرفتار کیا تھا، جن میں سومناتھ سوریاونشی بھی شامل تھے ۔ ان کی عدالتی تحویل میں موت ہو گئی۔دیویندر فڑنویس نے اسمبلی میں کہا تھا کہ سومناتھ سوریاونشی کے خاندان کو 10 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی، لیکن سومناتھ کے اہل خانہ نے اس امداد کو قبول کرنے سے انکار کرکے کہا کہ انہیں بھیک نہیں انصاف چاہیے ۔ سومناتھ کے بھائی پریم ناتھ سوریاونشی نے کہا کہ چیف منسٹر نے اسمبلی میں غلط معلومات فراہم کیں اور معاملے کو چھپانے کی کوشش کی۔راہول گاندھی نے واضح کیا کہ یہ معاملہ سیاسی نہیں بلکہ انسانیت سوز قتل ہے اور اس میں کسی قسم کی سیاست کو شامل کرنا غلط ہے ۔