پرنسپل کی پولیس تحویل میں ہلاکت ،نیشنل کانفرنس کی احتجاجی ریلی

   

سری نگر21مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر میں آئے روز ہلاکتوں، کرفیو، گرفتاریوں، فورسز کی مبینہ زیادتیوں خصوصاً اونتی پورہ کے جواں سال پرنسپل رضوان پنڈت کی حراستی ہلاکت کے خلاف نیشنل کانفرنس کی ایک احتجاجی ریلی جمعرات کو پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس سے برآمد ہوئی اور لال چوک کی طرف مارچ کرنے لگی لیکن پولیس کی بھاری جمعیت نے ریلی کے شرکاء کو شیر کشمیر پارک کے قریب روک کرآگے جانے کی اجازت نہیں دی۔ریلی کی قیادت پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر کر رہے تھے جبکہ اُن کے ہمراہ صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران مبارک گل، شمیمہ فردوس، پیر آفاق احمد، عرفان احمد شاہ ، صبیہ قادری، احسان پردیسی اور کئی عہدیداران بلاک صدور صاحبان، یوتھ اور خواتین ونگ کے عہدیداران کے علاوہ کارکنوں کی ایک بڑی جمعیت نے شرکت کی۔جلوس میں گورنر انتظامیہ اور مرکزی حکومت کی مبینہ عوام کش اور کشمیر دشمن پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔