حیدرآباد : /10 فبروری (سیاست نیوز) بی جے پی کے معطل شدہ رکن اسمبلی پی راجہ سنگھ کو پولیس نے اُس وقت حراست میں لے لیا جب وہ اپنی بلٹ پروف گاڑی کے ساتھ پرگتی بھون پہنچ گئے ۔ راجہ سنگھ کی اچانک آمد پر چیف منسٹر کیمپ آفس کے قریب سنسنی پھیل گئی اور پنجہ گٹہ پولیس سے وابستہ عملہ نے معطل شدہ رکن اسمبلی کو پرگتی بھون میں داخل ہونے سے روک دیا ۔ راجہ سنگھ اور پولیس کے درمیان کچھ منٹ کیلئے لفظی جھڑپ ہوئی جس کے بعد راجہ سنگھ نے اپنی خستہ حالت بلٹ پروف کار وہاں پر چھوڑدیا اور گاڑی کی چابیاں چھت پر پھینک دی ۔ راجہ سنگھ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں سکیوریٹی کے تحت بلٹ پروف گاڑی فراہم کی گئی ہے لیکن دانستہ طور پر اس خستہ حالت گاڑی سے خطرہ لاحق ہے چونکہ آئے دن سڑک پر تکنیکی خرابی کے نتیجہ میں اچانک ناکارہ ثابت ہورہی ہے ۔ چیف منسٹر سے مسلسل اس سلسلہ میں نمائندگی کے باوجود بھی کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں جس کے بعد انہیں مجبوراً یہ اقدام کرنا پڑرہا ہے ۔ جمعرات کو بھی راجہ سنگھ کی گاڑی منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن کے قریب اچانک خراب ہوگئی تھی اور ٹائر ناکارہ پنکچر ہوگیا تھا ۔ پولیس پنجہ گٹہ نے معطل شدہ رکن اسمبلی کو پرگتی بھون سے حراست میں لے کر انہیں اسمبلی کے قریب چھوڑدیا جبکہ بلٹ پروف گاڑی کو موٹر ٹرانسپورٹ شعبہ کو منتقل کردیا گیا ہے ۔