مہاکمبھ نگر: اترپردیش حکومت نے اسٹیٹ کیپیٹل ریجن (ایس سی آر) کی طرز پر پریاگ راج۔ چترکوٹ ڈیولپمنٹ ریجن کی تجویز کو منظور ی فراہم کردی ہے ۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی صدارت میں مہاکمبھ نگر کے اریل علاقے میں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے ، روزگار پیدا کرنے اور طبی شعبے سے متعلق کئی اہم تجاویز کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ میں بی جے پی کی کابینہ کے اتحادی اپنا دل (ایس)، نشاد پارٹی اور سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) بھی موجود تھے ۔ اس سے پہلے 2019 میں یہاں منعقد مہا کمبھ کے موقع پر یوگی کابینہ کی میٹنگ ہوئی تھی۔میٹنگ کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں مہا کمبھ میں آنے والے تمام قابل احترام سنتوں اور عقیدت مندوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب یوپی کی پوری کابینہ مہا کمبھ نگر میں موجود ہے ۔ میٹنگ میں ترقی سے متعلق پالیسی امور اور پریاگ راج کی ترقی سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اتر پردیش کی ایرو اسپیس اور دفاع اور روزگار سے متعلق پالیسی کے پانچ سال مکمل ہو چکے ہیں اور اس کی نئی پالیسی کی تجویز کو بھی منظوری دے دی گئی ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تین نئے اضلاع باغپت، ہاتھرس اور کاس گنج میں میڈیکل کالج بنائے جائیں گے جو صحت کی سہولیات کو بہتر بنائیں گے اور مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں گے ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت پریاگ راج کی مجموعی ترقی کے لیے پرعزم ہے ۔ اس کے تحت آج پریاگ راج-چترکوٹ ڈیولپمنٹ ریجن کی تجویز کو ایس سی آر کے خطوط پر منظوری دے دی گئی ہے ، جب کہ گنگا ایکسپریس وے کو پریاگ راج سے مرزا پور، بھدوہی، وارانسی، چندولی اور غازی پور کے راستے پوروانچل ایکسپریس وے سے جوڑا جائے گا۔ دوسری طرف سونبھدر کو چندولی کے راستے وارانسی سے جوڑا جائے گا۔