پریشانی میں گھرے اعظم خان کو ملائم سنگھ کی تائید

   

لکھنو ۔ 3ستمبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سماج وادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو نے آج الزام عائد کیاکہ سینئر پارٹی لیڈر اعظم خان سے ناانصافی برتی جارہی ہے اور کہاکہ اس کے خلاف پارٹی ورکرس ایجی ٹیشن شروع کریں گے ۔ اعظم خان کو اراضی پر قبضہ کے الزامات کا سامنا ہے ۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ محمد علی جوہر یونیورسٹی کا باب الداخلہ مبینہ طورپر سرکاری زمین پر تعمیر کیا گیا ہے ۔ اعظم خان کی حمایت میں آگے آتے ہوئے ایس پی کے بزرگ لیڈر نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ اعظم خان سے ناانصافی پر خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی اور اس کے خلاف ایس پی ورکرس احتجاج کریں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں اُنھوں نے کہاکہ اگر ضرورت پڑھے تو وہ اعظم خان کے معاملے میں وزیراعظم نریندر مودی سے رجوع ہوں گے۔ رامپور کے لوک سبھا ممبر بی جے پی حکومت کو موردِ الزام ٹھہراتے آ ئے ہیں کہ ریاست میں آنے والے ضمنی چناؤ کو جیتنے کے لئے ظلم ڈھایا جارہا ہے ۔ اُن کا اشارہ جوہر یونیورسٹی میں کئے گئے دھاؤں پر تھا ۔ یوپی حکومت اس یونیورسٹی کو برباد کردینا چاہتی ہے ۔