پرینکا گاندھی کی گرفتاری کے خلاف کانگریس کا احتجاج

   

Ferty9 Clinic

یوگی آدتیہ ناتھ کا پتلہ نذر آتش، یوتھ کانگریس اور مہیلا کانگریس قائدین کی شرکت

حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) اُتر پردیش میں پرینکا گاندھی کی گرفتاری کے خلاف کانگریس کی جانب سے آج احتجاج منظم کیا گیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی، یوتھ کانگریس، مہییلا کانگریس اور این ایس یو آئی کے کارکنوں نے گاندھی بھون کے روبرو علحدہ علحدہ احتجاج منظم کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر اُتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ کے علامتی پتلے نذر آتش کئے گئے۔ پرینکا گاندھی کو اتر پردیش میں فائرنگ میں ہلاک خاندانوں سے ملاقات کی کوشش پر حراست میں لیا گیا تھا۔ اے آئی سی سی کے سکریٹری بوس راج ، سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی، صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو اور دیگر قائدین نے احتجاج میں حصہ لیا۔ پولیس نے علامتی پتلوں کو نذرآتش کرنے سے روکنے کی کوشش کی۔ احتجاجی کارکنوں کو ِ سڑک سے ہٹانے کیلئے طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ کانگریس کارکن پرینکا گاندھی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان سے جدوجہد جاری رکھنے کی اپیل کررہے تھے۔ کانگریس کے احتجاج کے نتیجہ میں نامپلی علاقہ میں ٹریفک میں خلل پڑا ۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بوس راج نے کہا کہ اُتر پردیش حکومت نے متاثرہ خاندانوں کو تسلی کیلئے جانے والے کانگریس قائد کو غیر جمہوری انداز میں حراست میں لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف مانگنے کی صورتحال نہیں ہے کیونکہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں غیرجمہوری انداز میں کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کانگریس کارکن پرینکا کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے یوتھ کانگریس اور مہیلا کانگریس کی ستائش کی جنہوں نے احتجاج منظم کیا۔ بوس راج نے الزام عائد کیا کہ امیت شاہ کے وزیر داخلہ بننے کے بعد بی جے پی کی من مانی شروع ہوچکی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت پسند طاقتوں کو جدو جہد کیلئے متحد ہونا چاہیئے۔ انیل کمار یادو نے پولیس کے رویہ پر تنقید کی اور کہا کہ جمہوری انداز میں احتجاج کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں بی جے پی حکومت کے زوال کے خوف سے پرینکا گاندھی کو متاثرہ علاقوں کے دورے سے روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اگر اپنے رویہ میں تبدیلی نہیں لائے گی تو عوام اسے سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی دوبارہ برسراقتدارآئے گی۔ مہیلا کانگریس قائدین نے الزام عائد کیا کہ ملک بھر میں پولیس بی جے پی کے اشارہ پر کام کررہی ہے کیونکہ امیت شاہ ملک کے وزیر داخلہ کے عہدہ پر فائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اتر پردیش میں پرینکا گاندھی کی بڑھتی مقبولیت سے خوفزدہ ہے۔