الواروند کی سری تیجا کی عاجلانہ صحتیابی کے لیے نیک تمنائیں
حیدرآباد۔/25ڈسمبر، ( سیاست نیوز) فلم ’ پشپا 2‘ کے بینفٹ شو کے موقع پر بھگدڑ میں متاثرہ خاندان کی مدد کیلئے فلم اسٹار الوارجن کے والد الواروند نے 2 کروڑ روپئے امداد کا اعلان کرتے ہوئے چیک فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین دل راجو کے حوالے کیا۔ الواروند نے آج فلم ڈائرکٹر سوکمار کے ہمراہ کمس ہاسپٹل پہنچ کر زیر علاج سری تیجا کی عیادت کی۔ قانونی رکاوٹ کے سبب انہوں نے سری تیجا کے والد سے ملاقات نہیں کی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے کہا کہ سری تیجا بتدریج صحتیاب ہورہے ہیں اور ڈاکٹرس کے مطابق وینٹی لیٹر ہٹادیا گیا اور وہ اپنے طور پر سانس لے رہے ہیں۔ الواروند نے کہا کہ خاندان کی مدد اور سری تیجا کے بہتر مستقبل کیلئے 2 کروڑ کی امداد کا فیصلہ کیا گیا۔ فلم اسٹار الوارجن کی جانب سے ایک کروڑ روپئے، فلم کے پروڈیوسر مائتری مووی میکرس کی جانب سے 50 لاکھ اور ڈائرکٹر سوکمار کی جانب سے 50 لاکھ روپئے کی امداد دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان خاندان سے ملاقات کے معاملہ میں قانونی رکاوٹ ہے لہذا وکلاء کے مشورہ پر یہ چیکس صدرنشین فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے حوالے کئے جارہے ہیں۔ الواروند نے کہا کہ وہ حکومت اور پولیس کی اجازت سے ایک مرتبہ سری تیجا کی عیادت پہلے بھی کرچکے ہیں اس وقت وہ وینٹی لیٹر پر تھے لیکن آج دس دن کے بعد حالت میں کافی سدھار دیکھا گیا ہے۔ کل کے مقابلہ آج سری تیجا کی حالت میں مزید بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم پروڈیوسرس اور ڈائرکٹرس نے چیف منسٹر سے ملاقات کا وقت مانگا ہے تاکہ موجودہ صورتحال پر بات چیت کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو صبح 10 بجے چیف منسٹر سے ملاقات کے وقت کے بارے میں دل راجو نے اطلاع دی ہے۔ اس موقع پر دل راجو نے کہا کہ فلم انڈسٹری اور حکومت کے درمیان تعطل ختم کرنے کیلئے چیف منسٹر نے انہیں ذمہ داری دی ہے اور وہ اسی کام پر ہیں۔ چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران تلگو فلم انڈسٹری کو درپیش مسائل سے واقف کرایا جائے گا۔1