واشنگٹن : امریکہ کی مقبول نیوز ویب سائٹ ’ایگزیئس‘ نے اپنی رپورٹ میں حکام کے حوالے سے بتایا کہ محکمہ دفاع ’پنٹاگان‘ فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ سیکیورٹی کوآرڈنیشن کا درجہ کم کرنے پر غور کر رہا ہے۔پنٹاگان کا کہنا ہے کہ وہ فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ سیکیورٹی کوآرڈنیٹر کو’تھری اسٹار جنرل‘ سے گھٹا کر کرنل کے عہدے تک کرنے پر غور کر رہا ہے۔ویب سائٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ اور اسرائیلی وزارت دفاع کو تشویش ہے کہ اس طرح کے فیصلے سے امریکہ اور فلسطینیوں کے درمیان سکیورٹی تعاون کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ساتھ ہی اسرائیلی اور فلسطینی حکام کے درمیان سکیورٹی تعاون کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے اور پہلے سے کشیدگی کے شکارغرب اردن کے علاقوں میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان امریکی سکیورٹی کوآرڈنیٹر کا عہدہ 2005 میں دوسری انتفاضہ کے بعد فلسطینی سیکیورٹی سروسز کی تعمیر نو اور اصلاحات کی کوششوں میں بنایا گیا تھا۔امریکی رابطہ کار ہمیشہ 3-اسٹار جنرل رہا ہے جو سیکرٹری آف سٹیٹ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کو رپورٹ کرتا ہے۔ کوآرڈنیٹر کے سینئر عہدیدار کو امریکہ، اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے اعلیٰ ترین فوجی اور سیاسی عہدوں تک براہ راست رسائی کی اجازت دیتا ہے۔