اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔/21 اگسٹ، ( سیاست نیوز) اسٹیٹ الیکشن کمشنر سی پارتھا سارتھی آئی اے ایس ( ریٹائرڈ) نے ریاست میں گرام پنچایتوں کے سرپنچ اور وارڈ ممبرس کے عہدوں کیلئے مجوزہ چناؤ کے سلسلہ میں وارڈ اور گرام پنچایتوں کی سطح پر فہرست رائے دہندگان کی تیاری کی ہدایت دی ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر نے آج سکریٹری پنچایت راج اور دیہی ترقی لوکیش کمار آئی اے ایس، کمشنر پنچایت راج شریمتی انیتا رامچندرن، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل سنٹر فار گڈ گورننس سنگرام ( آئی پی ایس ) اور اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ الیکشن کمشنر نے اسمبلی کی فہرست رائے دہندگان کی بنیاد پر گرام پنچایتوں اور وارڈ کی علحدہ علحدہ فہرست کی تیاری کے سلسلہ میں عہدیداروں کو تجاویز پیش کیں اور کہا کہ فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے سلسلہ میں شیڈول کو قطعیت دی گئی ہے۔ شیڈول کے مطابق 6 ستمبر تک وارڈ اور پنچایت کی سطح پر فہرست رائے دہندگان کا مسودہ اضلاع کے منڈل ڈیولپمنٹ آفیسرس اور پنچایت عہدیداروں کی جانب سے تیار کرتے ہوئے گرام پنچایتوں میں آویزاں کیا جائے۔ فہرست رائے دہندگان کے مسودہ پر 9 ستمبر اور 10 ستمبر کو سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ ضلع کلکٹر مشاورت کریں گے۔ ضلع اور منڈل کی سطح کے عہدیداروں سے تجاویز طلب کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 7 ستمبر تا 13 ستمبر اعتراضات کی سماعت اور ان کی یکسوئی کرتے ہوئے 19 ستمبر تک ان کو قطعیت دی جائے گی اور 21 ستمبر کو فہرست رائے دہندگان گرام پنچایتوں اور منڈل پریشد دفاتر میں آویزاں کی جائیں۔ فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے سلسلہ میں اسٹیٹ الیکشن کمشنر 29 اگسٹ کو ضلع کلکٹرس، ایڈیشنل کلکٹر اور ڈسٹرکٹ پنچایت عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کریں گے۔1