نئی دہلی: عام آدمی پارٹی ( عآپ ) نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا ہے کہ وہ دہلی میں برسوں سے رہنے والے پوروانچل کمیونٹی کے لوگوں کو بنگلہ دیشی اور روہنگیا کہہ کر ووٹ کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔عآپ کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے آج کہا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر وریندر سچدیوا اور مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان، جو پوری دنیا میں جھوٹ پھیلانے کے ماہر ہیں، صبح سے ہی کچھ جھوٹ پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا “عام آدمی پارٹی کے طور پر، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بھارتیہ جنتا پارٹی کے ہر جھوٹ کا جواب دیں۔ ہمارے اتر پردیش، بہار اور پوروانچل کے لوگ، جو 30-40 سال سے دہلی میں رہ رہے ہیں، جنہوں نے اپنی محنت اور مشقت سے دہلی کو بنانے کا کام کیا ہے ، اگر بی جے پی کو لگتا ہے کہ اس سے ان کے ووٹ کٹ جائیں گے ، تو عام آدمی پارٹی یقینی طور پر ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔” سنگھ نے کہا کہ کس طرح بی جے پی کے لوگوں نے دہلی میں رہنے والے ہمارے پوروانچلی بھائیوں اور بہنوں کو روہنگیا اور بنگلہ دیشی کہہ کر ان کی توہین کرتے ہوئے ان کے ووٹ کاٹنے کی درخواست دی ہے ۔ انہوں نے کہا ”بی جے پی کے ایک عہدیدار نے شاہدرہ اسمبلی میں 11,000 لوگوں کے ووٹ کٹوانے کے لیے درخواست دی تھی۔ جنک پوری اسمبلی میں بی جے پی کے 24 کارکنوں نے 4,874 ووٹ کٹوانے کے لیے درخواست دی۔ تغلق آباد اسمبلی میں بی جے پی کے 15 کارکنوں نے 2435 ووٹ کٹوانے کے لیے درخواست دی، پالم میں بی جے پی کے 9 کارکنوں نے 1641 ووٹ کٹوانے کے لیے درخواست دی۔