پولیس سے مدبھیڑ کے بعد دو خطرناک مجرم گرفتار

   

نوئیڈہ۔26 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) دو بین ریاستی ڈاکوؤں کو پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد جمعرات کے دن فلم سٹی میں پکڑ لیا گیا ۔ پولیس نیپھول سنگھ اور چندن کا تعاقب کرنے کے بعد ان دونوں کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے ایک ترجمان نے یہ بات بتائی ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ دونوں مجرمین موٹر سیکل پر سوار تھے ، انہیں اٹا کے مقام پر پولیس نے روک لیا ، پوچھ گتھ کیلئے رکنے کے بجائے انہوں نے پلٹ کر تیز رفتار موٹر بائیک کو بھگانا شروع کردیا جس سے پولیس کے شبہ میں اضافہ ہوا لیکن جو پولیس طلایہ گردی پر تھی اس نے ان کا پیچھا کیا ۔ ان دونوں ڈاکوؤں نے پولیس پر گولیاں برسانی شروع کیں ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس کی گولی سے ان دونوں میں سے ایک مسلح سارق زخمی ہوگیا ۔ ان کی موٹر سائیکل سڑک پر پھسل گئی اور یہ دونوں اس پر سے گرپڑے ۔ پھول سنگھ زخمی حالت میں دواخانہ میں شریک کردیا گیا جبکہ اس کا شریک جرم چندن گرفتار ہوگیا ہے ۔ پولیس نے ان دونوں کے پاس سے دو غیرقانونی اسلحہ اور چند کارتوس برآمد کئے ۔ پولیس نے ان کی موٹر بائیک اور برآمدہ اشیاء کو ضبط کرلیا ۔