موتیہاری : بہار کے موتیہاری سے ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں کچھ بے خوف جرائم پیشہ افراد ایک پولیس ملازم کو کھمبے سے باندھ کر پیٹ رہے ہیں۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس کے ہوش اڑ گئے۔ جو ویڈیو سامنے آیا ہے، وہ چھپرا بہاس کے تحت گاؤں دھرم پور کا بتایا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سگولی پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ لوگ جوا کھیل رہے ہیں، جب پولیس اہلکار وہاں پہنچے، تو انہوں نے جوا کھیلنے سے انکار کردیا۔اس پر جھگڑا ہوا اور حالات بگڑ گئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں نے ایک پولیس اہلکار کو گھیر لیا اور اس کو کھمبے سے باندھ کر اس کے ساتھ گالی گلوچ کی اور مار پیٹ کی۔واقعہ کا ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد بہار کے محکمہ پولیس میں ہلچل مچ گئی ہے جس کے بعد پولیس متحرک ہو گئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ اس معاملہ میں اب تک ایک درجن لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔