پولیس نے کانگریس دھرنے کو ناکام بنادیا، ریونت ریڈی گرفتار

   


گاندھی بھون کے روبرو کشیدگی ، بلارم پولیس اسٹیشن پر دھرنا ، سینکڑوں کارکن حراست میں
حیدرآباد۔2۔ جنوری (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ریونت ریڈی اور دیگر سینئر قائدین کے بشمول کانگریس کے سینکڑوں کارکنوں کو آج اس وقت پولیس نے حراست میں لے لیا جب وہ سرپنچوں کے مسائل کے حل کیلئے اندرا پارک پر دھرنا کرنا چاہتے تھے۔ کانگریس نے پنچایت راج اداروں کو فنڈس کی عدم اجرائی اور سرپنچوں کے احتجاج سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے ایک روزہ دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پولیس نے دھرنے کی اجازت نہیں دی اور آج صبح سے ہی اہم قائدین کو گھروں پر محروس کردیا گیا ۔ گاندھی بھون کے اطراف زائد پولیس فورس تعینات کی گئی تاکہ قائدین اور کارکن دھرنے کیلئے اندرا پارک جانے نہ پائیں۔ پولیس نے اگرچہ کانگریس کے دھرنے کو ناکام بنادیا لیکن شہر اور کئی اضلاع میں کانگریس نے احتجاج کرتے ہوئے چیف منسٹر کے علامتی پتلے نذر آتش کئے ۔ گاندھی بھون پر صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب کانگریس کارکنوں نے چیف منسٹر کا علامتی پتلا نذر آتش کیا اور پولیس کے خلاف نعرے لگائے۔ پولیس نے گاندھی بھون کے مین گیٹ کو بند کردیا اور قائدین کو حراست میں لے لیا گیا۔ بعض قائدین اور کارکنوں نے پرگتی بھون کے گھیراؤ کی کوشش کی جس پر انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ ریونت ریڈی کی قیام گاہ کے اطراف زائد پولیس تعینات کی گئی تھی اور ان سے ملاقات کیلئے آنے والے قائدین کو بھی حراست میں لے لیا گیا ۔ دوپہر میں ریونت ریڈی قیامگاہ سے باہر آئے اور اندرا پارک جانے کی کوشش کی۔ پولیس عہدیداروں اور ریونت ریڈی کے درمیان بحث و تکرار ہوئی اور کارکنوں کے احتجاج کے دوران انہیں گرفتار کر کے بلارم پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں کارکنوں نے بلارم پولیس اسٹیشن کے روبرو دھرنا منظم کیا گیا اور چیف منسٹر کا علامتی پتلا نذر آتش کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے حیدرآباد میں دھرنے کی اجازت نہ دینے پر ہر ضلع میں احتجاج کی اپیل کی۔ ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کو شام میں رہا کردیا گیا۔ر