بے سہارا خاتون کی بروقت مدد ، راچہ کنڈہ پولیس کا مثالی اقدام
حیدرآباد : /7 اگست (سیاست نیوز) بے سہارا ، بے یارومددگار ایک حاملہ خاتون کو مدد کرتے ہوئے راچہ کنڈہ پولیس نے انسانیت دوستی کی مثال قائم کردی ۔ خواتین کے ساتھ مارپیٹ ، فرینڈلی پولیسنگ کے نام پر دھجیاں اڑانے ، بدعنوانیوں ، رشوت خوری اور لینڈ گرابنگ کے الزامات میں بدنام پولیس کیلئے یہ واقعہ بڑی راحت اور فخر کا سبب ثابت ہوگا ۔ جہاں پٹرولنگ پولیس نے ایک بے سہارا حاملہ خاتون کی مدد کرتے ہوئے پولیس گاڑی کی آڑ میں خاتون کی زچگی کروائی اور خاتون اور نومولود بچہ دونوں صحتمند ہیں اور ان کا علاج کوٹھی کے ایک ہاسپٹل میں جاری ہے ۔ راچہ کنڈہ پولیس کی جانب سے کئے گئے اس انسانیت دوست اقدام کی سماج کے مختلف گوشوں سے ستائش کی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک نامعلوم خاتون اپنے دو کمسن بچوں کے ہمراہ مڈگولہ موضع میں موجود تھی ۔ خاتون حاملہ تھی اور زچگی کا وقت قریب تھا اور خاتون کو درد شروع ہوگیا ۔ سوائے دو کمسن بچوں اور سیل فون کے کوئی قریب نہیں تھا ۔ ڈائیل 100 کو خاتون نے فون کیا اور فوری طور پر پولیس کی پٹرولنگ گاڑی مڈگولہ پہنچی ۔ خاتون کا نام کومی بائی بتایا گیا جو کرناٹک کے چنچولہ سے تعلق رکھتی ہے ۔ پولیس پٹرولنگ اسٹاف سریش اور راجندر نے خاتون کے شوہر کو فون کیا جو دستیاب نہیں تھا جس کے بعد حیدرآباد میں موجود خاتون کے بھائی سے رابطہ کیا گیا ۔ خاتون کی مدد کیلئے پٹرولنگ اسٹاف نے مقامی خواتین کو طلب کیا ۔ خواتین نے کومی بائی کی حالت کو دیکھتے ہوئے خاتون کی زچگی کا انتظام کیا اور خاتون نے ایک صحت مند بچہ کو جنم دیا اور دونوں صحت مند اور سلامت ہیں جن کا علاج جاری ہے ۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ اور ڈی سی پی مہیشورم نے پولیس اسٹاف کی ستائش کی ۔ ع