نیویارک: عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ سعودی عرب ریاض انٹرنیشنل ہیومینٹیرین فورم کے فریم ورک کے اندر عالمی سطح پر پولیو کے خاتمہ کی کوششوں کیلئے 500 ملین ڈالر فراہم کر رہا ہے۔ صحت عامہ کے فروغ، صحت کے اداروں کو ترقی دینے اور دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو زندگی بچانے والی طبی خدمات فراہم کرنے میں اس شعبے کی اہمیت کی وجہ سے سعودی عرب نے صحت کے شعبہ کو کم ترقی یافتہ ممالک میں بہت اہمیت دی ہے۔سعودی عرب نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے تعاون سے اسلامی ترقیاتی بینک کے 33 رکن ممالک میں سالانہ 370 ملین بچوں کو پولیو سے بچانے اور لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالنے کیلئے 600 ملین ڈالر سے زیادہ کی رقم فراہم کی ہے، جس میں سے 500 ملین ڈالر پانچ سالوں کے دوران عالمی پولیو کے خاتمے کے اقدام کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔ سعودی عرب دنیا بھر کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے فراہم کرنے میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔