پی چدمبرم انچارج تلنگانہ پردیش کانگریس ؟

   

مانکیم ٹیگور مستعفی۔ پرینکا گاندھی کا سرگرم رول
حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ملکارجن کھرگے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر بن جانے کے بعد تلنگانہ کانگریس اُمور کے انچارج کے مسئلہ پر کانگریس کے حلقوں میں نئی بحث چھڑچکی ہے۔ کوئی مانکیم ٹیگور انچارج برقرار رہنے کا دعویٰ کررہے ہیں تو کوئی پارٹی کے سینئر قائد و سابق مرکزی وزیر داخلہ و فینانس پی چدمبرم کو نیا انچارج بنانے کے امکانات کا اظہار کررہے ہیں۔ ملکارجن کھرگے کی جانب سے اے آئی سی سی کا حلف لینے کے بعد مانکیم ٹیگور نے انچارج کے عہدہ سے استعفی دے دیا ہے ۔ خود انہوں نے ٹوئٹر کے ذریعہ اس کی اطلاع دی ہے۔ جس پر تلنگانہ کانگریس قائدین کا کہنا ہے کہ یہ روایت کا ایک حصہ ہے تاکہ نئے صدر کو اپنی ٹیم تیار کرنے میں آسانی ہوسکے، سب کے ساتھ انہوں نے بھی استعفی دیا ہے۔ تاہم نئی تشکیل دی گئی سی ڈبلیو سی کمیٹی میں مانیکم ٹیگور کو برقرار رکھا گیا ہے۔ تلنگانہ کے بیشتر سینئر قائدین مانکیم ٹیگور کے انداز کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ چند قائدین نے کھل کر ان کی مخالفت کی ہے اور چند قائدین نے مکتوب کے ذریعہ اپنی شکایتیں پہنچائی ہیں۔ تلنگانہ میں بہت کم کانگریس قائدین ان کی تائید میں ہیں۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تلنگانہ کانگریس اُمور کی نگرانی کرنے والی پرینکا گاندھی تلنگانہ میں کانگریس کو مزید مستحکم کرنے اور انتخابات کا سامنا کرنے کیلئے کانگریس کے تمام قائدین کو متحد کرنے کیلئے پارٹی کے سینئر قائد گاندھی خاندان کے وفادار سابق مرکزی وزیر چدمبرم کو تلنگانہ کانگریس اُمور انچارج بنانے کے حق میں ہیں۔ اگر پرینکا گاندھی کی جانب سے تلنگانہ انچارج کیلئے چدمبرم کا نام پیش کردیا جاتا ہے تو پارٹی صدر ملکارجن کھرگے اس کو قبول کریں گے۔ن