نئی دہلی: دہلی کے محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے وزیر پرویش ورما نے جمعہ کے روز پٹپڑگنج اسمبلی حلقہ کے دورے کے دوران کام کاج میں خامیاں نظرآنے کے بعد ایگزیکٹیو انجینئر (ایکس ای این) کو معطل کرنے کا حکم دیا۔ ورما نے پٹپڑگنج اسمبلی حلقہ میں نالوں اور ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہیں بہت سی کوتاہیاں نظر آئیں جس پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے یہاں کے ایگزیکٹو انجینئر کو معطل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی روڈ کے ساتھ نالوں کی صفائی پی ڈبلیو ڈی کی ذمہ داری ہے لیکن یہ کام بالکل نہیں کیا جا رہا ہے اس لیے ایکس ای این کو معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ اگر آپ اپنا کام نہیں کریں گے تو کارروائی کی جائے گی۔ ہم اپنی راجدھانی دہلی کو ایسی حالت میں نہیں چھوڑ سکتے ہیں۔