حیدرآباد3اکتوبر(سیاست نیوز)پیاز ہر گھر کے باورچی خانہ کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اس کے دام بڑھنے سے گھر چلانے کا بجٹ بڑھ گیا ہے ۔ایسے میں عام لوگ زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔حیدرآباد کے بازاروں میں دہلی کے بازاروں کے مقابلہ پیاز کے دام نسبتا کم ہیں لیکن مقامی بازاروں میں پیاز کی کمی اور طلب میں اضافہ، موسمی صورتحال سے یہاں کے بازاربے اعتدالی کے شکار ہورہے ہیں۔پیاز کے بغیر سالن کا تصور بھی محال ہے اور سالن کے بغیر پکوان مکمل نہیں ہے ۔پیاز کاٹنے سے آنکھ سے آنسو نکلتے ہیں لیکن اب پیاز کے دام سن کر ہی آنکھ سے آنسو نکل رہے ہیں۔بازاروں میں پیاز کی قیمتیں گزشتہ ڈھائی برس میں سب سے زیادہ ہوگئی ہیں۔اچھے معیار کی پیازکی قیمت 50تا60روپئے تک پہنچ گئی ہے ۔غیر معیاری پیاز کی اوسط قیمت 35تا40روپئے فی کیلو درج کی گئی ہے ۔شہر حیدرآباد کی پیاز کی سب سے بڑی ٹھوک مارکٹ محبوب گنج ملک پیٹ میں ہر دن اوسطا 150ٹرک پیاز لائی جاتی ہے ۔حیدرآباد وتلنگانہ کے اضلاع میں پیاز کی بڑی تعداد مہاراشٹرسے آتی ہے ۔ملک میں سب سے زیادہ پیازمہاراشٹر میں ہی ہوتی ہے ۔ملک کی شمالی ریاستوں میں پیاز کی طلب میں اضافہ اور اونچی قیمتوں کے سبب مہاراشٹر کی زیادہ تر پیازحیدرآباد کے بجائے دہلی،یوپی اور ہریانہ کو بھیجی جارہی ہے ۔ پیاز کی درآمد تک ملک میں پیاز کی قیمتوں میں اچھال رہے گا۔مہاراشٹرسے پیاز کی سپلائی میں کمی کو دیکھتے ہوئے اے پی کے ضلع کرنول سے پیاز منگوائی جارہی ہے لیکن بارش کے سبب کرنول سے آرہی پیاز کا معیار خراب ہوا ہے ۔کرناٹک کے رائچور اور مقامی سطح پر تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر سے حیدرآباد کو پیاز لائی جارہی ہے ۔ایک طرف موسم کی صورتحال تو دوسری طرف پیداوار میں کمی کے ساتھ ساتھ طلب میں اضافہ ہواہے ۔اس کاروبار سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ آئندہ دو ماہ میں نئی فصل کے انتظار یا پھر بیرون ملک درآمد کردہ پیاز کی بازاروں میں آمد تک اس کی قیمتوں میں اضافہ برقرار رہے گا۔تلنگانہ کے عہدیداروں نے کہا کہ پیاز کی نئی فصل آنے تک قیمتیں ایسی ہی برقرار رہے گی۔ کھلے بازار میں پیاز 45روپئے تا 50 روپئے کلو کے حساب سے فروخت کی جارہی ہے ۔ تلنگانہ میں ہر دن پانچ ہزار کنٹل پیاز کی ضرورت ہے ۔ عوام نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ پیاز کی قیمتوں میں اضافہ سے انہیں مشکل کا سامنا ہے ۔