پیداوار کے مطابق دھان اور چاول کی خریدی ممکن نہیں

   

لوک سبھا میں مرکز کا واضح موقف

حیدرآباد۔/23 مارچ، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے دھان کی خریدی کے بارے میں آج اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاستوں کی پیداوار کی بنیاد پر دھان اور چاول کی خریدی مرکز کیلئے ممکن نہیں ہے۔ لوک سبھا میں ارکان سوما لتا، منیش تیواری، راج دیپ رائے اور منوج سہا کے علاوہ دیگر ارکان کے سوال پر مرکزی وزیر اغذیہ پیوش گوئل اور مملکتی وزیر سادھوی نرنجن جیوتی نے تحریری جواب دیا۔ دھان کی خریدی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر مرکزی وزراء نے کہا کہ ہر ریاست میں پیداوار کے مطابق خریدی کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھان کے حصول کیلئے کئی مسائل رونما ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقل ترین امدادی قیمت کو یقینی بنانے کے علاوہ طلب، سربراہی اور مارکٹ میں موجود قیمت کے علاوہ دیگر مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے مرکزی حکومت دھان اور چاول کی خریداری کرتی ہے۔ ریاستی حکومت کے ادارے، فوڈ کارپوریشن آف انڈیا، گوداموں کی دستیابی اور دھان کی موجودہ حالت کا جائزہ لینے کی بنیاد پر خریداری کا انحصار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومتوں کو اقل ترین امدادی قیمت کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا سے مشاورت کے بعد ہی مرکزی حکومت ریاستوں سے دھان اور چاول کی خریداری کرتی ہے۔ر