پیڈی نے پہلے ہی دن100کروڑعبور کرلئے

   

حیدرآباد، 5 جون (ایجنسیز) ساؤتھ سوپر اسٹار رام چرن کی ن،ی فلم ’’پیڈی‘‘ نے باکس آفس پر شاندار آغاز کرتے ہوئے ریلیزکے پہلے ہی دن دنیا بھر میں 100 کروڑ روپے سے زائد کا کاروبارکر لیا ہے۔ فلم کی یہ زبردست کامیابی رام چرن کے لیے فلم ’’آر آر آر‘‘ کے بعد چار برسوں میں سب سے بڑی اوپننگ ثابت ہوئی ہے۔ہدایت کار بچی بابو سانا کی اس اسپورٹس ڈراما فلم کو ریلیز سے قبل ہی غیر معمولی تشہیر اور شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی تھی، جس کا اثر افتتاحی دن کے کاروبار پر واضح طور پر نظرآیا۔ فلم میں رام چرن کے ساتھ بالی ووڈ اداکارہ جانہوی کپور بھی اہم کردار میں جلوہ گر ہوئی ہیں۔ابتدائی باکس آفس اعداد و شمار کے مطابق فلم نے ہندوستان میں تقریباً 69.50 کروڑ روپے نیٹ اور 82.49 کروڑ روپے گراس کمائی کی، جبکہ بیرونِ ملک منڈیوں سے تقریباً 30 کروڑ روپے حاصل کیے۔ اس طرح فلم کی مجموعی عالمی آمدنی 112.49 کروڑ روپے تک جا پہنچی۔فلم کی کامیاب اوپننگ نے اسے تیلگو سنیما کی تاریخ میں پہلے دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں نویں مقام پر پہنچا دیا ہے۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں فلم کو غیر معمولی ردعمل ملا، جبکہ امریکہ سمیت کئی بین الاقوامی مارکیٹوں میں بھی اس کی کارکردگی مضبوط رہی۔ فلم سازوں نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے رام چرن کو باکس آفس چمپئن قرار دیا ہے۔ فلم کی شاندار شروعات کے بعد توقع ظاہرکی جا رہی ہے کہ ’’پیڈی‘‘ آئندہ دنوں میں مزید کئی ریکارڈ قائم کر سکتی ہے اور رام چرن کے کیریئرکی بڑی کامیاب فلموں میں شامل ہو سکتی ہے۔