راہول گاندھی کے یاترا کے دوران مندر کے درشن نہ کرنے پر سارہ میتھوز کا اظہار تشکر
حیدرآباد۔3۔نومبر۔(سیاست نیوز) راہول گاندھی کی ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ کے دوران چارمینار کے دامن میں تعمیر کئے گئے غیر قانونی ڈھانچہ میں موجود بھاگیہ لکشمی مندر کا دورہ نہ کرنے اور اس غیر مجاز ڈھانچہ کو سیاسی مرکز کے طور پر ترقی نہ دینے پر کانگریس قائد و رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی سے سارہ میتھیوز نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ چارمینار کے دامن میں تاریخی عمارت کو سبوتاج کرتے ہوئے تعمیر کئے گئے اس ڈھانچہ کا بھارتیہ جنتا پارٹی اپنی سیاسی بقاء اور استحکام کے لئے استعمال کررہی ہے اور جو بی جے پی قائدین حیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں وہ اس بھاگیہ لکشمی کے درشن کے نام پر نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں اسی لئے انہوں نے راہول گاندھی سے اپیل کی تھی کہ اس غیر مجاز مندر میں درشن نہ کریں۔ واضح رہے کہ راہول گاندھی کی ’’بھارت جوڑو یاترا ‘‘ کے تلنگانہ میں داخل ہونے سے قبل گاندھی بھون میں منعقدہ غیر سرکاری تنظیموں کے اجلاس میں سارہ میتھیوز نے کانگریس قائدین سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ چارمینار کے دورہ کے دوران بھاگیہ لکشمی مندر لے جانے سے گریز کریں کیونکہ چارمینار کے دامن میں موجود یہ مندر محکمہ آثار قدیمہ کے مطابق غیر مجاز ڈھانچہ ہے۔ سارہ میتھیوز نے اس سلسلہ میں کانگریس قائد راہول گاندھی اور ان کی ٹیم کو بھی مطلع کرتے ہوئے ایک مکتوب روانہ کیا تھا ۔ بھاگیہ لکشمی مندر پر کی جانے والی سیاست کے متعلق انہوں نے کہا کہ جو سیاسی جماعت اسے اپنے مرکز کے طور پر بڑھاوا دے رہی ہے وہ ملک میں نفرت پھیلانے کی ذمہ دار ہے۔ سارہ میتھیوز نے راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے شہر میں داخل ہونے سے قبل منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت اور ان کے ساتھ یاترا میں شامل ہوتے ہوئے ان کی یاترا کو مکمل تائید فراہم کی اور کہا کہ راہول گاندھی کا یہ اقدام ملک میں خوف کے ماحول کو ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔م