قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذریعہ تکمیل
حیدرآباد ۔6۔ڈسمبر (سیاست نیوز) پرانے شہر حیدرآباد میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے تاریخی چارمینار اور اس کے اطر اف کے علاقوں میں خصوصی روشنیوں کے انتظام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاریخی چارمینار دیکھنے کیلئے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں سیاح اندرون ملک اور بیرون ملک سے پہنچ رہے ہیں۔ چارمینار اور اس کے اطراف علاقوں میں جیسے نیا پل ، لاڈ بازار اور دیگر تاریخی علاقوں اور عمارتوں کو خصوصی روشنی سے منور کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا۔ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو اس پراجکٹ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اتھاریٹی کو پراجکٹ کی تکمیل کیلئے 4.22 کروڑ مختص کئے گئے جس کے تحت چارمینار اور اس کے اطراف علاقوں میں خصوصی روشنیوں کا انتظام کیا جائے گا ۔ توقع ہے کہ پراجکٹ کے لئے معاہدہ کی تکمیل کے اندرون 6 ماہ روشنیوں کا انتظام مکمل ہوجائے گا ۔ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے پراجکٹ کی تکمیل کیلئے ٹنڈرس طلب کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پراجکٹ کے تحت 75 خوبصورت المونیم کے پول نصب کئے جائیں گے اور یہ 7 میٹر بلند رہیں گے۔ چارمینار اور اسکے اطراف کے علاقہ کو روشنیوں سے منور کرنے کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا ہے ۔ واضح رہے کہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا قیام پرانے شہر کی ترقی کے مقصد سے کیا گیا تھا ۔ طویل عرصہ سے اتھاریٹی کی سرگرمیاں ٹھپ ہوچکی تھی۔ کانگریس حکومت نے قلی قطب شاہ اتھاریٹی کو یہ پہلا پراجکٹ دیا ہے ۔ 1