چارمینار کے دامن میں آزادی کا امرت مہا اتسو پروگرام

   

حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تاریخی چارمینار کے دامن میں آج کانگریس پارٹی نے آزادی کا امرت مہا اتسو پروگرام منعقد کیا جس کے تحت قومی پرچم لہرایا گیا۔ راجیو گاندھی سد بھاونا یاترا یادگاری کمیٹی نے اس پروگرام کا اہتمام کیا تھا۔ کمیٹی کے صدرنشین جی نرنجن نے قومی پرچم لہرایا اور مجاہدین آزادی کو خراج پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کیلئے تاریخی چارمینار کے دامن میں قومی پرچم توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین آزادی نے جو قربانیاں دی ہیں انہیں نئی نسل کو واقف کرایا جانا چاہیئے۔ مہاتما گاندھی کی قیادت میں تحریک عدم تشدد کے ذریعہ آزادی حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے 75 سال کی تکمیل کے باوجود ملک میں عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ مہنگائی کے نتیجہ میں عوام کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ نرنجن نے کہا کہ آزادی کے ثمرات ہر شہری تک پہنچنے چاہیئے۔ اس موقع پر کانگریس قائدین جی کنہیا لال، جی آنند، راجندر راجو، جی دنیش، اوم پرکاش شرما، اشوک ریڈی، موسیٰ قاسم، ونئے پرمود، ایم کرشنا، محمد دلاور اور دوسرے موجود تھے۔ر